شوبز ڈائری: کرینہ اور دیپکا کی کچے آموں کی تصاویر کا ماجرا کیا ہے؟

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

سوشل میڈیا پر اس ہفتے کرینہ کپور اور دپیکا پڈوکون بھی ٹرینڈ کرتی رہیں اس بار موضوع نہ تو تیمور علی خان تھا اور نہ ہی رنویر سنگھ بلکہ موضوع بحث تھیں کچی کیریاں۔

ان دونوں نے کچے آموں کی تصویر پوسٹ کر کے اپنے مداحوں کو شش و پنج میں ڈال دیا کہ آخر ماجرا کیا ہے۔

انھوں نے ساتھ ہی کیریوں سے شدید محبت کا بھی اظہار کر ڈالا۔ ان کے مداح غالباً اسے خوش خبری کا اشارہ سمجھ رہے ہیں۔ حقیقت کیا ہے اس کے لیے کرینہ اور دپیکا کی اگلی پوسٹ کا انتطار رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے

’شراب خریدنا اور پینا عورتوں کا حق ہے‘

انڈیا میں لاک ڈاؤن میں نرمی کا پہلا قدم ملک کے چند شہروں میں شراب کی دکانیں کھولنے سے شروع ہوا جس کے بارے میں سوشل میڈیا پر کافی بحث ہوئی۔

شراب کی دکانوں کے باہر لمبی قطاروں میں کھڑے سینکڑوں افراد کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں ایسے میں لاک ڈاؤن سے بہت پہلے سے ہی گھر پر فارغ بیٹھے فلمساز رام گوپال ورما نے بھی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جو انھیں بھاری پڑی۔

شراب کی دکان کے باہر قطار میں کھڑی ایک خاتون کی تصویر کے ساتھ انھوں نے لکھا 'دیکھو قطار میں کون کھڑا ہے، شرابی مردوں کے خلاف ان کی حفاظت کے لیے اتنا کچھ۔‘

دراصل رام گوپال ورما شراب کی دکانیں کھولنے پر اس طرح کی ٹویٹ کا جواب دے رہے تھے جن میں شراب اور گھریلو تشدد پر تشویش ظاہر کی جا رہی تھی۔

ان کی اس ٹویٹ پر گلوکارہ سونا مہا پاترہ نے انھیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا ’جنسی تعصب اور اخلاقیات کا درس دینے والی آپ کی ذہنیت بتاتی ہے کہ آپ کو تعلیم حاصل کرنے والوں کی لائن میں ہونا چاہیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ عورتوں کو بھی مردوں کی طرح شراب خریدنے یا پینے کا حق حاصل تاہم کسی کو بھی شراب پی کر کسی پر تشدد کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔

اس کے جواب میں رامو جی کا کہنا تھا کہ سونا نے ان کی بات سمجھنے میں غلطی کی ہے۔ ’دراصل میں ان لوگوں کی جانب اشارہ کر رہا تھا جو یہ سوچتے ہیں کہ صرف مرد ہی شراب پی کر عورتوں پر تشدد کرتے ہیں۔‘

ٹام کروز خلا میں کیا کر رہے ہیں؟

کرونا وائرس کے سبب جہاں پوری دنیا کی فلم انڈسٹری بند ہے وہیں ہالی وڈ اداکار ٹام کروز یہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ہیں ستاروں سے پرے کہکشاں اور بھی۔ اگر زمین پر سب کچھ بند ہے تو کیوں نہ خلا کا رخ کیا جائے۔

ٹام کروز خلا میں پہلی ایکشن فلم کی شوٹنگ کر کے ایک نیا ریکارڈ بنانے کی امید کر رہے ہیں۔ امریکی ادارے ناسا کے سینیئیر اہلکار جِم برائنڈن سٹائن نے اپنی ٹویٹ میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے ’خلائی سٹیشن پر ٹام کروز کے ساتھ کام کرنے میں ناسا کو خوش ہو گی اور انجینیئرز اور سائنس دانوں کی نئی نسل کو راغب کرنے کے لیے ایسی بڑی شخصیات کی ضرورت ہے۔‘

فلم کی زیادہ تفصیلات تو سامنے نہیں آئی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر اس فلم کے بارے میں لوگوں کی دلچسپی ضرور پیدا ہو گئی ہے۔