شوبز ڈائری: ریئلٹی شو ’روڈیز‘ کی جج نیہا دھوپیا کو سوشل میڈیا پر کیوں ٹرول کیا جا رہا ہے؟

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

اداکارہ نیہا دھوپیا کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر ٹرول ہو رہی ہیں جس کی وجہ ان کا ٹی وی ریئلٹی شو ’روڈیز‘ ہے۔

اس شو کی ایک قسط میں جب ایک شخص نے کہا کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کو اس وقت تھپڑ رسید کیا جب اسے پتا چلا کہ وہ اسے دھوکا دے رہی ہے تو جج کی کرسی پر بیٹھی نیہا دھوپیا آگ بگولہ ہو اٹھیں۔

انھوں نے نہ صرف بڑی بڑی گالیوں کے ساتھ اس لڑکے کو اس طرح دھویا بلکہ ساتھ ہی کھلے الفاظ میں یہ بھی کہا کہ ’لڑکی کی مرضی چاہے جس کے ساتھ تعلق قائم کرے۔‘

اس شو کے بعد سوشل میڈیا پر نہ صرف نیہا بلکہ ان کے شوہر بھی خوب ٹرول ہوئے۔ حال ہی میں انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ بالی ووڈ ہنگامہ کے فریدوں شہر یار کے ساتھ سکائپ انٹرویو کے دوران نیہا کا کہنا تھا کہ ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور شو سے کچھ جملے اٹھا کر انھیں غلط رنگ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

نیہا کا کہنا تھا کہ اس وقت انھوں نے جو کچھ کہا تھا وہ آج بھی اس پر قائم ہیں کہ عورتوں کے خلاف کسی بھی طرح کا تشدد غلط ہے۔

یہ اور بات ہے کہ اسی شو میں عورتوں کے حق اور ان کے وقار کے تحفظ کا دعویٰ کرنے والی نیہا ماں اور بہن کی گالیاں دے کر انھی کے وقار کو چکنا چور کر رہی تھیں۔

لاک ڈاؤن کے دوران بالی ووڈ سٹارز نے خود کو مصروف رکھنے اور لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لیے نئے نئے طریقے نکالے ہیں۔

رنویر سنگھ سوشل میڈیا پر بتا بتا کر کچن میں اپنی بیگم دپیکا کی مدد کر رہے ہیں جو انھیں نئے نئے کھانے بنا کر کھلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

ہما قریشی کیک بنانے کی پریکٹس کر رہی ہیں اور کچھ سٹارز نے مل کر ایک چھوٹی سے فلم بنائی ہے لیکن گھر سے باہر نکلے بغیر بنائی گئی اس فلم میں لوگوں کو گھر میں رہنے کی تلقین کی گئی پے۔

اس فلم میں امیتابھ بچن، عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے ساتھ بالی ووڈ اور جنوبی انڈیا کی فلموں کے کچھ بڑے ستارے ہیں اور سب نے اپنے اپنے حصے کی شوٹنگ اپنے گھروں میں ہی کی ہے۔

بالی ووڈ کے رنگین ترین کردار یعنی فلمساز کرن جوہر اپنے بچوں روحی اور یش کی ویڈیوز بنا کر ان کے ساتھ بہترین وقت گزار رہے ہیں۔ ان دلچسپ ویڈیوز میں کرن کے بچوں نے ان کی کئی صلاحیتوں کو ماننے سے انکار کر دیا۔

کرن نے جب اپنے بیٹے سے پوچھا کہ کیا وہ اپنے پاپا کی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ دیکھنا چاہتے ہیں، تو انکا کہنا تھا ’نو وہ بورِنگ ہے۔‘

کرن کے بچوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ سادہ کپڑے پہنا کریں، اتنا ہی نہیں جب ایک ویڈیو میں کرن نے اپنے بچوں کے سامنے گانا گانے کی کوشش کی تو بچوں نے صاف کہا کہ شورنہ مچائیں اور گانا بند کریں۔

کرن کو سمجھ جانا چاہیے کہ انکے یہ نئِے ناقدین کافی بولڈ ہیں اور ویسے بھی بچے بلکل سچے ہوتے ہیں۔

پچھلے چھ ہفتوں میں کئی بالی ووڈ ہستیوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے کورونا وائرس فنڈ میں بڑی بڑی رقوم بطور عطیہ دیں اور میڈیا میں ان کی جم کر تعریف بھی ہوئی لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنھوں نے عطیہ دیتے وقت نہ تو کوئی ٹوئیٹ کی اور نہ ہی نیوز چینلز پر ان کے بارے میں کوئی بات ہوئی۔

اداکار عامر خان ایسے ہی لوگوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے نہ صرف وزیراعظم کے فنڈ میں بلکہ وزیراعلی کورونا وائرس فنڈ، فلم وورکرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ساتھ کئی امدادی تنظتموں کو بھی بطور عطیہ بڑی بڑی رقوم پیش کی ہیں۔

اتنا ہی نہیں، عامر خان نے اپنی فلم لال سنگھ چڈھا کے لیے یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کی مالی ذمہ داری سنبھالنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔