آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
رشی کپور: بالی وڈ کے سینیئر اداکار کینسر کے خلاف جنگ ہار گئے
بالی وڈ میں اپنے دور میں رومانوی کرداروں کے لیے معروف اداکار رشی کپور ممبئی کے ہسپتال میں وفات پا گئے ہیں۔
ان کی عمر 67 برس تھی اور وہ لیوکیمیا یا خون کے کینسر میں مبتلا تھے۔
ان کے بڑے بھائی رندھیر کپور نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔
رشی کپور کا تعلق بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان سے تھا اور وہ اداکار، فلمساز اور ہدایتکار راج کپور کے منجھلے بیٹے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے اپنے زمانے کی مشہور ہیروئن نیتو سنگھ سے 1980 میں شادی کی تھی اور ان کے بیٹے رنبیر کپور بھی اس وقت بالی وڈ میں صفِ اول کے اداکار ہیں۔ رنبیر کے علاوہ رشی کپور کی ایک بیٹی ردھیما بھی ہیں۔
رشی کپور کو بدھ کی صبح طبعیت بگڑنے پر ممبئی کے ایچ این ریلائنس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ان کے بھائی رندھیر کپور نے بتایا کہ 'انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ سرطان کے مرض سے لڑ رہے تھے اور انھیں سانس لینے میں تکلیف کا سامنا تھا۔'
رشی کپور ستمبر 2019 میں تقریباً ایک برس تک امریکہ میں علاج کروا کے انڈیا واپس آئے تھے جس کے بعد فروری کے آغاز میں بھی طبیعت بگڑنے پر انھیں دو مرتبہ ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
رشی کپور نے بالی وڈ میں اپنے باقاعدہ کریئر کا آغاز سنہ 1973 میں فلم ’بوبی‘ سے کیا تھا جو ایک سپرہٹ فلم تھی۔ اس سے پہلے وہ اپنے خاندان کے فلمی بینر کے تحت بننے والی شری 420 اور میرا نام جوکر جیسی کامیاب فلموں میں بھی بطور چائلڈ ایکٹر کام کر چکے تھے۔
رشی کپور نے تقریباً 20 برس ہندی فلموں میں بطور ہیرو کام کیا اور 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں کھیل کھیل میں، قرض اور چاندنی جیسی سپرہٹ فلمیں دیں۔
بعدازاں رشی کپور نے رواں دہائی میں فلموں میں بطور معاون اداکار بھی خاصا کام کیا۔
رشی کپور نے اپنی آخری فلم 'دی باڈی' میں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کیا تھا جبکہ حال ہی میں انھوں نے سوشل میڈیا پر بالی وڈ کی اداکارہ دیپکا پادوکون کے ساتھ اپنی نئی فلم کا اعلان کیا تھا۔ یہ فلم ہالی وڈ فلم 'دی انٹرن' کا ہندی زبان میں ری میک تھی۔
’رشی کپور نے آخری دم تک ہمیں محظوظ کیا‘
کپور خاندان کی جانب سے رشی کپور کی وفات پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے ہر دلعزیز رشی کپور دو سال سے لیوکیمیا سے جاری جنگ ہار گئے اور آج صبح ان کا انتقال ہو گیا۔ ڈاکٹرز اور طبی عملے کا کہنا تھا کہ انھوں نے آخری دم تک ہمیں محظوظ کیا۔
'وہ بہت ہنس مکھ طبیعت کے مالک تھے اور دو بر اعظموں میں علاج کے دوران انھوں نے ہمیشہ زندہ دلی کا مظاہرہ کیا۔ ان کی پوری توجہ اپنے اہلخانہ، دوست احباب، کھانے پینے اور فلموں پر تھی اور جو بھی ان سے ملاقات کرتا وہ یہ دیکھ کر حیران رہ جاتا کہ کس بہادری سے وہ اپنی بیماری کا مقابلہ کر رہے ہیں۔‘
بیان کے مطابق وہ (رشی کپور) اپنے چاہنے والوں کے بہت شکر گزار تھے جنھوں نے اس مشکل وقت میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔
کپور خاندان نے اپنے دوستوں اور مداحوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کورونا کی وجہ سے انڈیا میں جاری لاک ڈاؤن کے تحت عوامی اجتماعات پر نافذ پابندیوں اور قانون کی پاسداری کریں۔
’اس مشکل مرحلے میں ہمیں اس بات کا اندازہ ہے کہ دنیا اس وقت ایک پریشانی کا سامنا کر رہی ہے۔ لوگوں کی نقل و حرکت اور عوامی اجتماعات پر پابندیاں ہیں۔ ہم ان کے تمام چاہنے والوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس وقت ان تمام قوانین کی پابندی کریں۔'
رشی کپور کی موت کی خبر بالی وڈ کے اداکار عرفان خان کی کینسر سے ہی ہلاکت کے اگلے دن سامنے آئی ہے۔ ان کی موت کی اطلاع ملتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔
بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار اور رشی کپور کے ساتھ کئی کامیاب فلموں میں کام کرنے والے امیتابھ بچن نے بھی ان کی موت کی اطلاع اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ چلا گیا ہے، رشی کپور کا انتقال ہو گیا ہے۔‘
مشہور گلوکارہ لتا منگیشکر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر رشی کپور اور اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں رشی ان کی گود میں تھے۔
لتا نے اس تصویر کے ساتھ لکھا ’کچھ عرصہ قبل رشی جی نے مجھے اپنی اور میری یہ تصویر بھیجی تھی۔ وہ سب دن ، سب باتیں یاد آ رہی ہیں۔‘
لتا نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’کیا کہوں، کیا لکھوں، کچھ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے۔ رشی جی کے انتقال پر مجھے بہت دکھ ہو رہا ہے۔ ان کے جانے سے فلمی صنعت کو بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ یہ دکھ سہنا میرے لیے بہت مشکل ہے۔ بھگوان کی ان کی روح سکون دے۔‘
انڈیا کی سیاسی جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھی رشی کپور کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا ’یہ انڈین سنیما کے لیے تباہ کن ہفتہ ہے۔ ایک اور لیجنڈ رشی کپور بھی چلے گئے۔ وہ ایک شاندار اداکار تھے جن کے مداح کئی نسلوں میں موجود ہیں۔ ان کی کمی بہت محسوس ہو گی۔‘
اداکار شاہ رخ خان کی کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ رشی کپور صاحب! آپ کی موت سے ہونے والے نقصان کی تلافی اور جو خلا آپ ہمارے دلوں میں چھوڑ گئے ہیں اسے بھرنا آسان نہیں۔۔۔۔ آپ ہمیشہ ایک زندگی سے بھرپور شخصیت تھے‘۔
پریانکا چوپڑا نے ٹویٹ کیا ’میرا دل بھرا ہوا ہے۔ یہ ایک عہد کا اختتام ہے۔ رشی صاحب اور لامحدود ہنر جیسے صاف دل آدمی اب کبھی نہیں دیکھے جائیں گے۔ آپ کو تھوڑا سا جاننے کا اعزاز حاصل ہوا۔ نیتو جی، ردھیما اور رنبیر اور پورے خاندان سے میری تعزیت۔ "
اداکارہ شیلپا سیٹھی نے بھی اپنے جذبات اور خیالات کا اظہار کرنے کے لیے ٹوئٹر کا سہارا لیا۔
ان کا کہنا تھا صبح اٹھ کر ایسی خبر سننا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ’ایک لیجنڈری اداکار جسے دنیا بھر میں لاکھوں افراد پیار کرتے تھے ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ آپ کا انداز، مسکراہٹ اور زندگی گزارنے کا حوصلہ بہت یاد کیا جائے گا۔ آپ کا ورثہ آنے والی نسلوں تک باقی رہے گا۔‘
رشی کپور خود بھی ٹوئٹر پر بہت متحرک تھے۔ حال ہی میں وہ دنیا میں پھیلی ہوئی کورونا کی وبا کے حوالے سے سوشل میڈیا پر آگاہی پھیلانے کے عمل میں شریک تھے۔ انھوں نے گذشتہ ماہ اس بیماری کے بارے میں پاکستان کے وزیراعظم کو مخاطب کر کے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’بصد احترام، میں پاکستان وزیر اعظم عمران خان صاحب سے درخواست کرتا ہوں ہوں کہ وہ اپنے ہم وطنوں کو مشورہ دیں کہ ضروری احتیاط اختیار کریں۔
’پاکستانی عوام ہمیں بہت عزیز ہیں۔ ہم کسی زمانے میں ایک تھے۔ ہمیں بھی ان کی پروا ہے۔ یہ ایک عالمی بحران ہے۔ کسی کی انا کا مسئلہ نہیں ہے۔ ہمیں آپ سے محبت ہے۔ انسانیت زندہ باد!