معروف شخصیات کا ونود کھنہ کو خراج تحسین

بالی وڈ کے معروف اداکار اور رکن پارلیمان ونود کھنہ کی موت کی خبر آتے ہی لوگوں نے سوشل میڈیا پر سوگ اور افسوس کا اظہار کرنا شروع کر دیا اور تھوڑی ہی دیر میں سوشل میڈیا میں یہ موضوع ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہو گیا۔

ونود مثانے کے کینسر میں مبتلا تھے اور یہی ان کی موت کی وجہ بنا۔

سوشل میڈیا پر ونود کھنہ کے بارے میں خیالات کا اظہار کرنے والوں میں انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی بھی شامل تھے۔

انھوں نے لکھا 'ہم ونود کھنہ کو ایک مقبول اداکار، ایک پرخلوص رہنما اور ایک بہترین انسان کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ان کی موت سے مجھے بہت تکلیف ہوئی ہے۔'

ونود کھنہ اس وقت انڈیا کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی سے بھی وابستہ رہے تھے۔

جماعت کے ترجمان سنبت پاترا نے ٹویٹ کیا کہ: 'عظیم فنکار اور بی جے پی کے رہنما ونود کھنّہ کی موت کی خبر سن کر بہت افسردہ ہوں۔ وہ بالی وڈ کی سب سے زیادہ دلکش شخصیات میں سے ایک تھے۔'

اداکارہ ہیمامالنی نے ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا: 'ہم نے آخری فلم میں ساتھ میں کام کیا تھا، اس وقت وہ ٹھیک دکھائی دے رہے تھے۔'

اداکار دھرمیندر نے کہا ہے کہ 'ایک سین میں مجھے ان پر حملہ کرنا تھا اور ان کے جسم پر چوٹ کا نشان بن گیا تھا لیکن انھوں نے کسی بھی طرح کی ناراضگی ظاہر نہیں کیا۔'

ونود کھنہ کے ہم عصر اداکار رشی کپور نے ان کے ساتھ بنائی گئی فلم امر اکبر انتھونی کی ایک تصویر کے ساتھ یہ پیغام لکھا، 'امر ہم تمہیں یاد کریں گے۔ تمہاری روح کو سکون پہنچے۔'

کرکٹر وریندر سہواگ نے ٹویٹ کیا: 'ونود کھنہ جی کے انتقال پر دل سے غم کا اظہار کرتا ہوں۔ وہ سب سے زیادہ کرشمہ ساز رہنماؤں میں سے ایک تھے۔ اوم شانتی۔'

بی جے پی کے رہنما راجیو پرتاپ روڈی نے لکھا: 'ونود کھنہ کی موت کے بارے میں سن کر انتہائی دکھی ہوں۔ میری ہمدردیاں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔'

کرکٹر محمد کیف نے لکھا: 'ونود کھنہ جیسے خوشگوار شخص کا جانا ناقابل تلافی نقصان ہے۔'

ایک اور ٹوئٹر صارف نے ان کی ایک بلیک اینڈ وائٹ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: 'ایک دور کا خاتمہ ہو گیا ہے۔'

ارچی نے ٹویٹ كیا: 'زندگی تو بے وفا ہے ایک دن ٹھكرائے گی۔۔۔ سٹائل آئیکان، ڈیشنگ ونود کھنہ کو ان کے مداح ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ اوم شانتی۔'