لیڈی گاگا: ہم ٹائیٹینک فلم کے جیک اور روز کی طرح ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
مشہور امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا امریکی ریاست لاس ویگاس میں اپنی ایک پرفارمنس کے دوران سٹیج سے سر کے بل گِر گئیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لیڈی گاگا نے حاضرین میں جیک نامی اپنے ایک مداح کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ جیک جیسے ہی سٹیج پر آئے تو لیڈی گاگا نے چھلانگ لگا کر ان کی بانہوں میں سمانے کی کوشش کی۔
جیک اس دوران اپنا توازن برقرار نہ رکھ پائے اور دونوں سٹیج سے فرش پر آ گرے۔
کنسرٹ میں موجود ایک شخص نے ریڈاٹ پر لکھا کہ 'ہم نے سوچا کہ وہ (لیڈی گاگا) مر چکی ہیں۔'
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مگر اس کے باوجود گاگا جیک کے ہمراہ سٹیج پر واپس آئیں اور 'ملین ریزنز' نامی اپنے گانے سے سامعین کو لطف اندوز کیا۔
بعدازاں لیڈی گاگا نے کہا کہ 'یہ حیران کن ہے۔ ہم ایک دوسرے سے اتنا پیار کرتے ہیں کہ ہم سٹیج سے ہی گر گئے۔'
'ہم ایک دوسرے کی بانہوں میں گِرے۔ ہم ٹائیٹینک فلم کے جیک اور روز کی طرح ہیں۔'
'میرے خیال میں اس کے بعد ہمیں چائے پینی چاہیے۔'
اس تحریر میں ایسا مواد ہے جو X کی جانب سے دیا گیا ہے۔ کسی بھی چیز کے لوڈ ہونے سے قبل ہم آپ سے اجازت چاہتے ہیں کیونکہ یہ ممکن ہے کہ وہ کوئی مخصوص کوکیز یا ٹیکنالوجیز کا استعمال کر رہے ہوں۔ آپ اسے تسلیم کرنے سے پہلے X ککی پالیسی اور پرائیویسی پالیسی پڑھنا چاہیں گے۔ اس مواد کو دیکھنے کے لیے ’تسلیم کریں، جاری رکھیں‘ پر کلک کریں۔
X پوسٹ کا اختتام
اس واقعے کے بعد گاگا کے مداح ان کی صحت کے حوالے سے اندیشوں کا شکار ہو گئے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لیڈی گاگا 'فایبرومیلجیا' نامی بیماری کا شکار ہیں۔ یہ جوڑوں کے درد (جیسا کہ آرتھرائٹس) جیسی ایک بیماری ہے۔
سنہ 2013 میں کولہے میں ہونے والے فریکچر کے بعد انھیں 'بورن دِس وے' نامی اپنا ٹوور منسوخ کرنا پڑا تھا۔
تاہم جمعرات کو سٹیج سے گرنے کے واقعے کو انھوں نے یہ کہتے ہوئے زیادہ سیریس نہیں لیا کہ ان کے سامعین نے سکیورٹی گارڈ کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہونے میں ان کی مدد کی۔
انھوں نے کہا 'سب ٹھیک ہے۔ جو چیز ٹھیک نہیں ہے وہ یہ ہے کہ ہمیں سٹیج کے ساتھ سیٹرھیوں کی ضرورت ہے تاکہ میں واپس سٹیج پر جا سکوں۔'

،تصویر کا ذریعہGetty Images
گلوکارہ نے جیک کو تسلی بھی دی جو اس واقعہ کے بعد رونے لگے تھے۔
انھوں نے جیک کو کہا کہ 'پریشان مت ہوں، سب ٹھیک ہے۔ یہ آپ کی غلطی نہیں ہے۔ کیا آپ مجھ سے ایک وعدہ کر سکتے ہیں؟ کیا جو کچھ ابھی ہوا ہے اس کے لیے آپ اپنے آپ کو معاف کر سکتے ہیں؟'
اس کے بعد وہ جیک کو واپس سٹیج پر لائیں اور انٹرنیٹ صارفین سے کہا وہ ان سے اچھا سلوک کریں۔
جب تک لیڈی گاگا نے جیک کو تسلی نہیں دی وہ اس وقت تک روتے رہے۔
بعد میں کنسرٹ کے دوران گاگا نے اپنے گانے 'بیڈ رومانس' پر ایتھلیٹس کی طرح پرفارم کر کے یہ واضح کیا کہ گرنے کے باعث انھیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔









