#Batman: کیا رابرٹ پیٹنسن اب دنیا کے سب سے مشہور سپر ہیرو کے روپ میں نظر آئیں گے؟

آج کل سپر ہیروز کی کہانیوں پر مبنی فلمیں بہت مقبول ہو رہی ہیں اور ہالی وڈ کے تقریباً ہر اداکار کی کوشش ہے کہ وہ کسی نہ کسی کامک بک فرینچائز کے ساتھ منسلک ہو جائیں۔

لیکن کامک بکس کے مداح بھی عجیب ہی مخلوق ہیں اور کم ہی فلم سٹوڈیوز کے کسی بھی فیصلے سے خوش نظر آتے ہیں۔ خاص طور پر اگر وہ فیصلہ کسی مشہور کردار کی کاسٹنگ کا ہو۔

ڈی سی کامکس کے ’بیٹ مین‘ کا شمار بھی ایسے ہی کرداروں میں ہوتا ہے جن کے مداحوں کو خوش کرنا مشکل ہی نہیں، ناممکن بھی لگتا ہے۔

سوشل میڈیا پر نظر ڈالیں تو ایک کہرام برپا ہے اور #Batman کے ساتھ ساتھ فلم ’ٹوائی لائٹ‘ سے شہرت پانے والے اداکار رابرٹ پیٹنسن کا نام بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔

ماجرا کیا ہے؟

دراصل فلم سٹوڈیو وارنر برادرز نے اپنی اگلی ’بیٹ مین‘ فلم کے لیے اداکاروں کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے اور معروف امریکی میگزین ’ورائٹی‘ کے مطابق رابرٹ پیٹنسن اس کردار کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

’ورائٹی‘ کے مطابق فلم کی شوٹنگ اس سال کے آخر یا اگلے سال سے شروع ہوگی اور اس بار ہدایت کاری کے فرائض ’پلینٹ آف دی ایپس‘ کے ڈائریکٹر میٹ ریوز سرانجام دیں گے۔

لیکن ’بیٹ مین‘ سیریز کے مداحوں نے حسبِ معمول رابرٹ پیٹنسن کے انتخاب کی خبر آتے ہی فلم انڈسٹری کے زوال پر لب کشائی شروع کر دی اور اپنے جذبات کو میمز کی شکل میں سوشل میڈیا پر نشر کرنا شروع کر دیا۔

کئی لوگوں نے اس بات کو مذاق میں اڑایا تو کچھ کافی سنجیدگی سے بیچارے رابرٹ کی اداکاری کا پوسٹ مارٹم کرتے رہے۔

چند لوگوں نے رابرٹ پیٹنسن کی پرانی فلموں کے میمز پر ’بیٹ مین‘ کا تڑکا لگا کر پیش کیا۔۔۔

کئی لوگ تو یہ خبر سن کر صدمے میں چلے گئے!

ایک صارف نے یہ بھی بتانے کی کوشش کی کہ اس پوری بحث کے دوران بیٹ مین پر کیا گزر رہی ہوگی۔۔۔

تاہم اس بار ان دل جلے فینز کے مقابلے میں رابرٹ پیٹنسن کا فین کلب بھی متحرک ہو گیا اور انھوں نے 31 سالہ فلم سٹار کی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

بعض مداحوں نے ان کی پرانی فلموں کے حوالے دیتے ہوئے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ رابرٹ پیٹنسن انتہائی ورسٹائل اداکار ہیں۔

جبکہ کچھ لوگوں نے رابرٹ کی پرانی تصاویر کو کامک بکس کے برووس وئین سے تشبیح دینا شروع کر دی۔

ایک صارف نے تو لکھ دیا کہ کوئی بھی نوجوان اداکار جس نے رومانوی فلمیں کر کے شہرت پائی ہو کبھی بھی کسی سپر ہیرو کے کردار میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔ لیکن ساتھ لگی تصویر نے یہ واضح کر دیا کہ وہ طنز کر رہے ہیں۔

کبھی خوشی، کبھی غم

یہ بہلی بار نہیں کہ فینز کی طرف سے ’بیٹ مین‘ کا کردار نبھانے والے کسی اداکار پر تنقید کی گئی ہو۔