ایشا امبانی کی شادی میں امیتابھ بچن اور عامر خان نے کھانا کیوں تقسیم کیا؟

،تصویر کا ذریعہBBC/RELIANCEPR
مکیش امبانی کی بیٹی ایشا اور اجے پیرامل کے بیٹے آنند کی شادی کو کئی دن گزر گئے ہیں، لیکن سوشل میڈیا پر اس شادی کا چرچا دھیما پڑنے کا نام نہیں لے رہا۔
اس دوران جو تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں ان میں سب سے زیادہ وائرل وہ ویڈیوز ہوئی ہیں جن میں سلمان، شاہ رخ، عامر خان اور امیتابھ بچن جیسے بڑے ستارے نظر آئے۔
ایسی ہی ایک ویڈیو میں امیتابھ بچن اور عامر خان ایشا کی شادی میں کھانا تقسیم کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اس شادی کے بارے میں مزید
سوشل میڈیا پر لوگ یہ ویڈیو شیئر کر کے پوچھ رہے ہیں کہ امیتابھ اور عامر خان آخر ایشا کی شادی میں لوگوں کو کھانا کیوں دے رہے ہیں؟
امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشک نے اس سوال کا جواب اب دے دیا ہے اور اس حوالے سے ایک رسم کا نام بتایا ہے۔
عامر اور امیتابھ کے کھانا تقسیم کرنے پر لوگوں کی چٹکیاں
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نول کانت سنہا نے لکھا: 'بڑا آدمی وہ ہے جس کے ہاں امیتابھ اور عامر خان کھانا تقسیم کریں۔
انجو مٹ لکھتے ہیں: 'اگر امبانی کہتے تو سب برتن بھی صاف کر کے دیتے۔'
سیما چوہان لکھتی ہیں: 'سمجھ نہیں آ رہا کہ امبانی کے گھر میں بیٹی کی شادی ہوئی ہے یا آئیفا ایوارڈز کی تقریب؟'
ابھیشک نے کیا کہا؟
ابھیشک نے ٹوئٹر کا سہارا لیتے ہوئے ایک صارف کے سوال کے جواب میں کہا: 'یہ ایک روایت ہے جسے سجن گوٹ کہا جتا ہے۔ دلھن کا خاندان دولھا کے خاندان کو کھانا کھلاتا ہے۔'
تاہم لوگ پھر بھی مطمئن نہیں ہوئے۔ خالد نے ابھیشک کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا:
'امیتابھ کب سے امبانی خاندان کا حصہ بن گئے ہیں؟ واقعی روپیہ طاقت رکھتا ہے۔ اب یہ نہ کہنا کہ تم بھی امبانی خاندان کا حصہ ہو۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سجن گوٹ کی رسم ہے کیا؟
سجن گوٹ راجستھان کے مارواڑی برادری کی ایک رسم ہے۔
اس رسم میں دلھن کے گھر والے دولھے اور باراتیوں کو بٹھا کر کھانا کھلاتے ہیں اور ان کی عزت خاطر کرتے ہیں۔
روایت کے مطابق پہلے دولھا اور پھر باراتی کھانا کھاتے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا امبانی ماوراڑی ہیں؟ جواب ہے، نہیں۔
ایشا کے دادا دھیربھائی امبانی گجرات کے علاقے جوناگڑھ کے چوواڑ گاؤں میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا تعلق گجراتی بنیا برادری سے ہے۔
البتہ ایشا کے سسرالیوں کا تعلق مارواڑیوں سے ہے۔
تاہم جیسا کہ امیتابھ بچن کی تصویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ امیتابھ ایشا کی شادی پر امبانی خاندان میں شامل ہوئے۔
بچن خاندان اور امبانی خاندان کے درمیان کوئی رشتہ نہیں ہے۔ تاہم دوستی ضرور ہے جس کا مظاہرہ پہلے بھی کئی موقعوں پر ہوتا رہا ہے۔
ایک ویڈیو میں امیتابھ اس شادی میں ہونے والے رسم و رواج پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔









