'گیم آف تھرونز' کی شوٹنگ لوکیشنز کو سیاحوں کے لیے کھولا جائے گا

اگر آپ معروف ٹی وی شو 'گیم آف تھرونز' کی دنیا کی سیر کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے لیے خوشخبری ہے۔ شمالی آئرلینڈ کے جن مقامات پر اس شو کو فلمبند کیا گیا، انھیں اب سیاحوں کے لیے کھولا جا رہا ہے۔

آٹھ سیزن پر مشتمل شو کا آخری سیزن شوٹ ہو چکا ہے اور اب اس کے مداحوں کو موقع ملے گا کہ وہ ان مقامات کی سیر کر سکیں جہاں اس کی عکاسی ہوئی تھی۔

لینن ملز سٹوڈیو ان مقامات میں سے ایک ہے جہاں سیاحوں کے لیے سیر کا انتظام کیا گیا ہے۔

ہر اس مقام پر شو سے متعلق سامان رکھا جائے گا جہاں پروگرام کی عکاسی ہوئی تھی۔

اس بارے میں مزید پڑھیے

گیم آف تھرونز کے مرکزی مقامات، جیسے ’ونٹرفال‘، ’کاسل بلیک‘ اور کنگز لینڈنگ‘ کو عوام کے لیے کھولا جائے گا۔ امید ہے کہ ان مقامات کو اگلے برس، یعنی 2019 مںی کسی بھی وقت عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

'گیم آف تھرونز' کو تیار کرنے والے ٹی وی چینل ایچ بی او کے اہلکار جیف پیٹرز کا کہنا ہے کہ’ ایچ بی او ان لوکیشنز کو محفوظ کر کے اور شائقین کو شمالی آئرلینڈ میں مدعو کر کے 'گیم آف تھرونز‘ کی تخلیقی ٹیم اور عملے کے کام کا جوش و جذبے سے جشن منا رہا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ہم دنیا بھر سے 'گیم آف تھرونز' شائقین کے لیے حیرات انگیز سیٹس میں پرجوش داخلے کے لیے دروازے کھولنے جا رہے ہیں۔

جیف پیٹرز کے مطابق اس شو میں شمالی آئرلینڈ کی زندگی اور میراث کو پزیرائی ملی ہے جس میں علاقے کی ثقافت، خوبصورتی اور گرم جوشی بڑے مثاثر کن تھے۔

شمالی آئرلینڈ کے سیاحتی ادارے کے چیف ایگزیکٹیو جان میکگریلن نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ شمالی آئرلینڈ اور دنیا میں سیاحت کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔

’ہم ایچ بی او کی جانب سے اس پرجوش اعلان کا بہت زیادہ خیرمقدم کرتے ہیں اور ان کے نتیجے میں اپنے خوبصورت ملک میں اور زیادہ سیاحوں کی آمد کے منتظر ہیں۔‘