آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بالی وڈ ڈائری: کرینہ کی خواہش خواتین ان کا میک اپ آزمائیں
- مصنف, ثمرہ فاطمہ
- عہدہ, بی بی سی اردو، لندن
اپنے سٹائل کے لیے مشہور بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے انڈین کاسمیٹک برانڈ لیکمے کے ساتھ ایک نئی میک اپ لائن لانچ کی ہے۔ میک اپ کی یہ اشیا 'شیڈز آف اے دیوا' کے نام سے بازار میں دستیاب ہیں۔
کرینہ کپور نے بتایا کہ میک اپ لائن کو بازار میں لانے سے پہلے انھوں نے لیکمے کے ساتھ ایک ایک رنگ اور میک اپ کے ٹیکسچر کو تیار کرنے میں بہت محنت کی ہے۔
اس میک اپ لائن میں تین طرح کی رینج ہیں۔ انھیں رنگوں کی شوخی اور موقعے کی مناسبت سے نام دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کرینہ کے بقول ا ن کے مداح جانتے ہیں کہ انھیں کاجل کا بہت شوق ہے۔ اس میک اپ لائن میں کاجل کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لپسٹک کے رنگوں کو بھی ہلکے سے گہرے تک کرینہ کی پسند کے مطابق رکھا گیا ہے۔
کرینہ کپور کا دعوی ہے کہ ان جیسا میک اپ کرنے کے لیے جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے وہ تمام چیزیں 'شیڈز آف اے دیوا' میں موجود ہیں۔
میری رومانی فلمیں لوگوں کو ایکشن لگتی ہیں: سنی دیول
اداکار سنی دیول اپنے والد کے ساتھ اپنی عنقریب ریلیز ہونے والی فلم 'رفتہ رفتہ' کے پرموشن میں مصروف ہیں۔ ایسے ہی ایک موقع پر جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ بھی اپنے والد کی طرح کوئی رومانی فلم کیوں نہیں کرتے تو ان کا جواب تھا کہ ان کی سبھی فلمیں رومانی ہوتی ہیں لیکن ناظرین کو وہ ایکشن فلمیں لگتی ہیں۔
سنی نے کہا کہ وہ ایسی فلمیں کرتے ہیں جن میں وہ اپنی گرل فرینڈ، بیوی یا ماں کے تحفظ کے لیے لڑائی کر رہے ہوتے ہیں۔ اگر غور کیا جائے تو لڑائی کی وجہ ان کی اپنے گھر والوں اور قریبی افراد سے محبت ہی ہے۔
ان کے بقول یہ سوچ لینا کہ ان کی فلموں میں رومانس نہیں ہے غلط ہے۔ سنی دیول کی آنے والی فلم 'رفتہ رفتہ' میں وہ اپنے والد دھرمیندر اور اپنے بھائی بوبی دیول کے ساتھ دکھائی دیں گے۔
اس فلم کے ایک گانے میں ان کے ساتھ مشہور انڈین اداکارہ ریکھا بھی دکھائی دے رہی ہیں اور یہ گانا فلم کی ریلیز سے پہلے خاصا مقبول ہو چکا ہے۔
میری گرامر غلط ہے: جیکی شراف
انڈین فلموں میں قدم رکھنے سے پہلے اداکار جیکی شراف کو بمبئی میں غنڈا گردی کے لیے جانا جاتا تھا لیکن فلموں میں قدم رکھنے کے بعد انھوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔
جیکی نے بتایا کہ وہ بہت خاموش طبیعت انسان ہیں۔ انھیں زیادہ بات کرنا نہیں آتی تھی۔
انھوں نے کہا: 'مجھے نہ ہی ہندی بولنی آتی تھی، نہ انگریزی اور نہ ہی مراٹھی۔ میں جو بولتا تھا اسے کھچڑی ہی کہہ سکتے ہیں لیکن دھیرے دھیرے انگریزی فلمیں دیکھ کر میں نے تھوڑی بہت انگریزی سیکھ لی اور بالی وڈ گانے سن کر ہندی۔'
ان کا خیال ہے کہ وہ جب ہندی بولتے ہیں تو آج بھی ان کی گرامر غلط ہوتی ہے۔