آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بالی وڈ ڈائری: ’شکر ہے شادی سے بچ گئی‘
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ کی بےخوف اور بےباک ہیروئنز کی فہرست میں خود کو اول نمبر پر رکھنے والی اداکارہ کنگنا راناوت کی فلم 'منی کارنیکا' کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور اب کنگنا نے میڈیا سے بات کرنی شروع کر دی ہے جس میں وہ اپنی زندگی کے متنازع پہلوؤں پر روشنی ڈال رہی ہیں۔
کنگنا نے حال ہی میں ایک میگزین 'کازموپولیٹن' کو دیے جانے والے انٹرویو میں کہا 'اس وقت میری زندگی جیسی بھی ہے میں اس سے بہت خوش اور مطمئن ہوں اور بھگوان کی شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے وہ سب نہیں دیا جس کی مجھے شدت سے چاہت تھی مثلاً شادی کیونکہ شادی میرے لیے درست فیصلہ نہ ہوتا۔‘
یہ بھی پڑھیے
کنگنا کا کہنا تھا کہ زندگی نے انھیں جو بھی دیا وہ اس سے خوش ہیں۔ کنگنا نے کہا کہ وہ شادی کرنا چاہتی تھیں اور نہیں ہوئی جب کچھ سال بعد حالات سامنے آئے تو انھوں نے شکر ادا کرتے ہوئے کہا 'بھگوان، تو نے بچا لیا۔'
کنگنا کا اشارہ کس کی جانب سے یہ شاید بتانے کی ضرورت نہیں۔
کہا جاتا ہے کہ بالی وڈ میں نہ تو دوستی مستقل ہوتی ہے اور نہ ہی دشمنی جیسے سلمان اور شاہ رخ خان جن کی دشمنی کچھ عرصے میں بھائی چارے میں تبدیل ہو گئی اور جیسے ہمیش ریشمیا سے سلمان کی ناراضی جو ہمیش نے ہاتھ پیر جوڑ کر دور کی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایسی ہی ایک دشمنی فلم ساز کرن جوہر اور اداکارہ کاجول کی بھی تھی۔ کرن کی فلم 'اے دل ہے مشکل' اور کاجول کے شوہر اجے دیو گن کی فلم 'شوائے' کی ریلیز کے موقع پر جو ناچاقی ہوئی تھی اس کے بعد سے کرن اور کاجول کے 25 سال پرانے رشتوں میں دراڑ پیدا ہو گئی تھی اور دونوں نے ایک دوسرے سے ملنا بند کر دیا تھا۔
لیکن آہستہ آہستہ دونوں کے درمیان جمی برف پگھلنا شروع ہوئی اور کرن اور کاجول نے دھیرے دھیرے سلام دعا شروع کی ہے اور اب خبریں ہیں کہ کرن شاہ رخ اور کاجول کو لے کر پھر سے ایک فلم بنانے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
حالانکہ شاہ رخ اور کاجول بالی وڈ کی سب سے پسندیدہ جوڑیوں میں سے ایک ہے لیکن ان کی یہ جوڑی 'دل والے' میں کوئی جادو نہ جگا سکی اور فلم باکس آفس پر بری طرح فلاپ رہی۔
دیکھتے ہیں کہ پرانے دوست کیا کوئی نئی اور کامیاب کہانی لکھ پائیں گے؟ ویسے شاہ رخ خان نے آنند ایل رائے کی فلم 'زیرو' مکمل کر لی ہے۔
رنبیر کپور فلم 'سنجو' کی کامیابی کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔ ویسے فلم کے بعد ہونے والے انٹرویوز میں وہ بات تو فلم کی کرنا چاہتے ہیں لیکن میڈیا گھما پھرا کر بات ان کے افیئرز کی جانب لے جاتا ہے۔
سنجے دت کی زندگی میں ایکشن، جذبات اور رومانس سب کچھ تھا تو رنبیر کی زندگی میں صرف رومانس ہی رومانس ہے۔ ایک انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ عالیہ بھٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں تو وہ اس سوال کو ٹالتے نظر آئے: ’میں اس طرح کے سوالوں سے تھک چکا ہوں۔'
یہ بھی پڑھیے
لیکن انھوں نے اس بات کا اعتراف ضرور کیا کہ وہ وہ سنگل نہیں ہیں بلکہ کبھی ہو بھی نہیں سکتے۔ بحر حال فلم سنجو میں رنبیر نے اپنی اداکاری کے جو جوہر دکھائے وہ واقعی قابِلِ تعریف ہے۔