آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بالی وڈ ڈائری: کیا کامیابی شادی کی محتاج ہے؟
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
بالی وڈ میں سلمان خان اگر سب سے زیادہ ڈیمانڈ میں اور سب سے مہنگے اداکار ہیں اسی طرح میڈیا کے بھی فیورٹ ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ کہیں انھیں میڈیا میں ان کے فلمی کرداروں کے ساتھ جوڑ کر پیش کیا رہا ہے تو کہیں انڈسٹری کے 'بیڈ بوائے' کا خطاب دیا جارہا ہے۔
یوں بھی جب کسی بڑی شخصیت خاص طور پر بالی وڈ کے کسی بڑے ستارے سے متعلق بریکنگ نیوز ہوتی ہے تو انڈین میڈیا میں جیسے تماشے کی دوڑ سی لگ جاتی ہے۔ حال ہی میں سری دیوی کی موت کو نہ صرف انتہائی فلمی انداز میں پیش کیا گیا بلکہ مختلف قسم کی قیاس آرائیوں کا بازار بھی گرم رہا۔
اب سلمان کی باری ہے۔ سلمان خان کو گذشتہ روز نایاب کالے ہرنوں کے شکار کے معاملے میں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جس کے بعد انھوں نے سیشن کورٹ میں ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست داخل کر دی۔
فی الحال جودھپور کی جیل کے قیدی نمبر103 سلمان خان بالی وڈ کی انتہائی مہنگی ترین شخصیات میں سے ایک ہیں اور مبصرین کا خیال ہے کہ ان پر انڈسٹری کا چار سے چھ سو کروڑ روپیہ لگا ہوا ہے۔
فلم 'ریس تھری' کی شوٹنگ تقریباً ختم ہونے والی تھی جبکہ 'کک ٹو'، 'دبنگ تھری' اور 'بھارت' جیسے پراجیکٹ ابھی شروع ہونے والے تھے۔
سلمان خان ہمیشہ سے ہی تنازعات میں گھرے رہے ہیں اور کافی عرصے سے فلاحی کاموں کے ساتھ انھوں نے اپنی آن سکرین امیج کو آف سکرین پر لانے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ لیکن ان کے ماضی کا سایہ ہمیشہ ان کے ساتھ چلتا رہا۔
فلسماز کرن جوہر کے شو 'کافی ود کرن' میں یہ پوچھے جانے پر کہ سلمان خان ہونے کی سب سے اچھی یا بری چیز کیا ہے پر سلمان کا کہنا تھا 'ہر وقت مصیبتوں کی زد میں رہنا' ویسے سلمان کب کیوں اور کیا کہہ دیں یہ کہنا مشکل ہے اور آج کل ان کا یہ ڈائیلاگ کافی استعمال کیا جا رہا ہے'دل میں آتا ہوں سمجھ میں نہیں'۔
ایکتا کپور کو کسی تعریف کی ضرورت نہیں کیونکہ آج ان کے پاپا جتیندر بھی ایکتا کے نام سے جانے جاتے ہیں اور انھیں اس بات پر بڑا فخر ہے کہ ان کی بیٹی نے انڈسٹری میں ان کی وراثت کو نہ صرف آگے بڑھایا بلکہ اسے ایک نئی بلندیوں پر پہنچایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایکتا نے نہ صرف ٹی وی سیریلز کی دنیا پرحکومت کی بلکہ کامیاب فلمیں بھی پروڈیوس کی ہیں۔
ایکتا 42 سال کی ہیں اور ابھی تک سنگل ہیں یعنی شادی نہیں کی اور یہی بات مختلف سوالوں کی شکل میں ان کے سامنے آتی ہے کہ وہ کب اور کس سے شادی کریں گی یا یہ کہ وہ گھر کب بسائیں گی۔
ایکتا کا کہنا ہے کہ یہ بات ان کی سمجھ سے باہر ہے کہ زندگی کی کامیابی کو شادی سے کیوں جوڑا جاتا ہے۔ کیا کوئی عورت اسی وقت مکمل مانی جاتی ہے جب وہ شادی شدہ ہو؟ کیا اس کی کامیابی صرف ایک شادی کی محتاج ہے؟
ایکتا کپور نے بہت ہی چھوٹی عمر سے ٹی وی سیریلز بنانے شروع کیے تھے۔ ان کے سیریلز کے مرکزی کردار صرف عورتیں ہوتی ہیں ایسے میں ایکتا کپور سے اس طرح کے سوالات کا کیا مطلب ہے!