آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سری دیوی کے آخری دیدار کے لیے ہزاروں افراد ممبئی میں جمع
بالی وڈ سٹار سری دیوی کی آخری رسومات کے موقع پر ان کے ہزاروں مداح ان کے آخری دیدار کے لیے ممبئی کی سڑکوں پر جمع ہوئے ہیں۔
سری دیوی کی آخری رسومات سرکاری سطح پر ادا کی جا رہی ہیں اور ان کا جسدِ خاکی ایک خصوصی طور پر سجائے گئے ٹرک میں شمشان گھاٹ کی جانب لے جایا جا رہا ہے۔
سات کلومیٹر کے اس سفر کے دوران سڑک کے دونوں جانب سری دیوی کے مداحوں کی قطاریں موجود ہیں جنھوں نے ان کی تصاویر اٹھائی ہوئی ہیں۔
سری دیوی کا آخری سفر تصویروں میں
سری دیوی کی گذشتہ سنیچر دبئی میں موت ہو گئی تھی اور ان کی لاش منگل کو انڈیا لائی گئی تھی۔
شمشان گھاٹ منتقل کیے جانے سے قبل ان کے جسدِ خاکی کو ان کی رہائش گاہ کے قریب سیلیبریشن سپورٹس کلب میں رکھا گیا تھا جہاں ہزاروں کی تعداد افراد نے ان کا آخری دیدار کیا۔
پولیس نے بتایا کہ 54 سالہ اداکارہ کی موت ہوش کھونے کے بعد پانی میں ڈوبنے سے ہوئی ہے۔ وہ دبئی میں اپنے ہوٹل کے باتھ ٹب میں مردہ پائی گئیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ بھی پڑھیے
ممبئی کے علاقے اندھیری ویسٹ میں واقع کلب میں سوگواروں میں بالی وڈ اداکارائیں ایشوریہ رائے اور کاجول بھی شامل ہیں۔
ایک 32 سالہ سکول ٹیچر نندنی راؤ نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 'یہ یقین کرنا کہ وہ اب نہیں رہیں ناقابل یقین ہے۔ ہم انھیں آخری بار خراج عقیدت پیش کرنے آئے اور ان کے حیرت انگیز کام پر ان کے شکر گزار ہیں۔'
ایک اور مداغ کلدیپ سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پسندیدہ اداکارہ کی موت پر 'انتہائی افسوس' ہے۔
پہلی خاتون سٹار کہی جانے والی اداکارہ کے گھر کے پاس اور شمشان گھاٹ کی جانب جانے والے راستوں پر بڑی تعداد میں پولیس تعینات کی گئي ہے۔ انھیں ولے پارلے سیوا سماج آتش کدے میں نذر آتش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
اس سے پہلے بتایا گیا تھا سری دیوی کی دبئی میں ایک عزیز کی شادی میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہوئی تھی۔
ابھی پوسٹ مارٹم کی مکمل رپورٹ جاری نہیں کی گئی جس سے اس بات کی نشاندہی کا امکان ظاہر کیا جا رہا کہ شاید اس سے دل کا دورہ پڑنے والی پہلی خبر اور 'حادثاتی طور پر ڈوبنے' کی خبر کے بيچ کا تعلق سامنے آئے۔
اداکارہ اپنے بھانجے موہت مرواہ کی شادی میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات میں تھیں۔
یہ بھی پڑھیے
سری دیوی کو ان چند ممتاز اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے جو اپنے بل بوتے پر باکس آفس پر کامیاب رہیں۔ انھوں نے پانچ دہائیوں کے دوران تقریباً 300 فلموں میں اداکاری کی۔
سری دیوی نے چار سال کی کم عمری میں ہی اداکاری کے میدان میں قدم رکھ دیا تھا۔ انھوں نے جنوبی ہند کی فلم انڈسٹری سے اپنے کریئر کی ابتدا کی تھی اور وہاں کی چار اہم زبانوں میں فلمیں کیں۔
انھوں نے 13 سال کی عمر میں پہلا بالغ کا کردار ادا کیا تھا جس میں وہ اپنے عاشق کی موت کا بدلہ لیتی ہیں۔
سنہ 1978 کے آتے آتے بالی وڈ میں ان کا کریئر آسمان کو چھو رہا تھا۔ حالانکہ انھیں نہ تو بالی وڈ فلموں کی زبان آتی تھی اور نہ ہی ہندی فلم انڈسٹری کی تہذیب سے واقف تھیں پھر بھی وہ اپنے زمانے کی بڑی سٹار تھیں۔
ان کی مشہور ترین فلموں میں 'چاندنی'، 'لمحے'، 'مسٹر انڈیا'، 'خدا گواہ' 'صدمہ' اور 'نگینہ' شامل ہیں۔
انھوں نے ہندی فلموں کے علاوہ جنوبی ہند میں تمل، تیلیگو، ملیالم، اور کنڑ زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔
سری دیوی نے سنہ 1996 میں فلم پروڈیوسر بونی کپور سے شادی کی تھی اور ان کی دو بیٹیاں خوشی اور جھانوی کپور ہیں۔
سری دیوی کو سنہ 2013 میں حکومت کی جانب سے پدما شری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔
انھوں نے جب سنہ 1990 کی دہائی میں اپنے فلمی کریئر کو الودع کہا تھا تو اس وقت ان کی فلمیں اچھی طرح سے نہیں چل رہی تھیں۔ لیکن اس طویل وقفے کے بعد جب وہ واپس آئیں تو اپنی اداکاری سے ایک بار پھر ہنگامہ مچا دیا تھا۔