آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی‘
دبئی میں حکام کا کہنا ہے کہ 54 سالہ انڈین اداکارہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی ہے۔
دبئی پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہوٹل کے غسل خانے میں بےہوش ہونے کے بعد باتھ ٹب میں موجود پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔
اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ 1980 کی دہائی میں بالی وڈ پر راج کرنے والی سری دیوی سنیچر کی شب دبئی میں ایک شادی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی تھیں۔
سری دیوی کی ہلاکت کے حوالے سے فورینزک رپورٹ دبئی پولیس نے جاری کی ہے اور یہ رپورٹ ان کے لواحقین اور انڈین قونصل خانے کو فراہم کی گئی ہے۔
خلیجی اخبار گلف نیوز کے مطابق اس رپورٹ کا مطلب سری دیوی کی لاش کی انڈیا منتقلی میں تاخیر بھی ہو سکتا ہے جو کہ پیر کو واپس بھیجی جانی تھی۔
سری دیوی کے بارے میں مزید پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ سری دیوی کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال جاری نہیں کی گئی ہے جس میں ٹاکساکولوجی کے تجزیوں کے نتائج شامل ہوں گے۔
اسی رپورٹ سے واضح ہو سکے گا کہ دل کے دورے سے ہلاکت اور حادثاتی طور پر ڈوبنے کی رپورٹ کا آپسی تعلق کیا ہے۔
سری دیوی 13 اگست سنہ 1963 کو تمل ناڈو میں پیدا ہوئی تھیں اور سنہ 1978 میں انھوں نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم ’سولہواں ساون‘ سے کیا تھا۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی 'مام' ان کی 300 ویں فلم تھی۔
ان کی مشہور ترین فلموں میں ’چاندنی‘، ’لمحے‘، ’مسٹر انڈیا‘، ’خدا گواہ‘ ’صدمہ‘ اور ’نگینہ‘ شامل ہیں۔
انھوں نے ہندی فلموں کے علاوہ جنوبی ہند میں تمل، تیلیگو، ملیالم، اور کنڑ زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔
سری دیوی نے فلم پروڈیوسر بونی کپور سے سنہ 1996 میں شادی کی تھی اور ان کی دو بیٹیاں خوشی اور جھانوی کپور ہیں۔
سری دیوی کو 2013 میں حکومت کی جانب سے پدماشری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔
انھوں نے جب 90 کی دہائی میں اپنے فلمی کریئر کو الودع کہا تھا تو اس وقت ان کی فلمیں اچھی طرح سے نہیں چل رہی تھیں۔ لیکن اس طویل وقفے کے بعد جب وہ واپس آئیں تو اپنی اداکاری سے ایک بار پھر سے ہنگامہ مچا دیا تھا۔