آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
زائرہ وسیم کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک شخص گرفتار
بالی وڈ کی اداکارہ زائرہ وسیم کو دوران پرواز مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں ممبئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق انھوں نے زائرہ وسیم کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد ایف آئی آر درج کی ہے اور اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
فلم دنگل میں گیتا کے کردار سے مشہور ہونے والی اداکارہ نے سوشل میڈیا پر گذشتہ روز ویڈیو جاری کی اور الزام لگایا تھا کہ دہلی سے ممبئی جانے والی پرواز کے دوران ایک مسافر نے ان کو ہراساں کیا۔
کشمیر سے تعلق رکھنے والی زائرہ کی ویڈیوز کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا نام ٹرینڈ ہونے لگا اور انڈیا کے زیر اتنظام کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ دونوں نے ٹوئٹر پر زائرہ کے ساتھ ہونے والے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
دہلی کمیشن آف وومن کی چئیر پرسن سواتی مالیوال نے بھی ٹویٹ کے ذریعے زائرہ وسیم کے ساتھ ہونے والے واقعے کی مذمت کی اور اداکارہ پر الزامات اور تنقید کرنے والوں پر اپنے غصے کا اظہار کیا۔
ادھر فضائی کمپنی ائیر وسٹارا نے اپنی وضاحتی بیان میں کہا کہ انھوں نے حکام اور پولیس کو واقعہ کی ابتدائی رپورٹ جمع کرا دی ہے اور پولیس کے ساتھ پورا تعاون کر رہے ہیں۔