آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
دنگل کی گیتا کا ہراساں کیے جانے کا الزام، ’کیا لڑکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا؟‘
فلم ’دنگل‘ میں گیتا کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والی بالی وڈ کی 17 سالہ اداکارہ زائرہ وسیم کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو کلپ جاری ہوا ہے جس میں انھوں نے ایک شخص کی جانب سے دوران پرواز ہراساں کیے جانے کا الزام لگایا ہے۔
ویڈیو میں واضح ہے کہ زائرہ وسیم کافی جذباتی اور آبدیدہ ہیں اور وہ کہہ رہی ہیں کہ 'یہ بالکل نامناسب ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے، کسی بھی لڑکی کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے کیونکہ یہ شدید برا محسوس ہوتا ہے۔ کیا لڑکیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے گا؟ ہماری کوئی مدد نہیں کرے گا اگر ہم اپنی مدد خود نہیں کریں گے۔'
مزید پڑھیے
زائرہ وسیم نے ایک اور ویڈیو جاری کی جس میں انھوں نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعے کے بارے میں مزید بتایا کہ کیونکہ دہلی سے ممبئی جانے والی پرواز میں روشنی کم تھی اس لیے وہ واضح طور پر اس شخص کی ویڈیو نہیں بنا سکیں۔
'میں صرف یہ ویڈیو ہی بنا سکی (جس میں اس شخص کا پاؤں نظر آ رہا ہے)۔ وہ میرے کندھے اور میری کمر پر بار بار اپنا پاؤں لگا رہا تھا اور یہ پانچ سے دس منٹ تک ہوتا رہا۔ لگتا ہے کہ یہ شخص تمیز سے نہیں بیٹھ سکتا۔۔۔'
زائرہ نے مزید کہا کہ ائیر لائن وسٹارا کے عملے میں سے کوئی بھی ان کی مدد کے لیے نہیں آیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب ائیر وسٹارا نے اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ انھوں نے زائرہ وسیم کے ساتھ ہونے والے واقعے کی خبریں پڑھیں ہیں اور وہ اس بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں اور مزید وضاحت کے لیے عملے سے بات کر رہے ہیں۔
زائرہ کی ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی حمایت پر کئی لوگوں نے اپنے پیغامات جاری کیے ہیں اور اس وقت زائرہ وسیم کے نام کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر انڈیا کا سب سے مقبول ہیش ٹیگ ہے۔