اجے دیوگن سے خاص رشتہ ہے: تبو

،تصویر کا ذریعہUniversal PR
- مصنف, سپریمہ سوگل
- عہدہ, بی بی سی ہندی، ممبئی
وجے پتھ سے ہندی فلموں میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی سنجیدہ اداکارہ تبو کا دو دہائیوں سے زیادہ طویل فلمی کیریئر ہے۔ لیکن وہ کام کے پیچھے بھاگنے والی اداکاراؤں میں سے نہیں ہیں۔
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'مجھے کام کرنے کا ہی شوق نہیں ہے۔ میں صرف اپنے لوگوں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں، جہاں پر میں موج مستی کر سکوں، میں اپنی زندگی میں خوش ہوں۔'

،تصویر کا ذریعہUniversal PR
ناظرین کو خوش نہیں رکھا جا سکتا
مقبول، فتور، چاندنی بار اور حیدر جیسی فلموں میں سنجیدہ کردار ادا کرنے والی تبو کافی عرصے سے کسی مزاحیہ فلم میں کام کرنا چاہتی تھیں اسی لیے انھوں نے روہت شیٹھی کی گول مال فور کا حصہ بننے کی ہامی بھری ہے۔ تبو کا کہنا ہے کہ بھلے وہ کامیڈی فلم میں کام کر رہی ہیں لیکن ان کا کردار سنجیدہ نوعیت کا ہے۔
تبو کا کہنا ہے کہ جب وہ سنجیدہ کردار ادا کرتی ہیں تو ان کے مداح ان سے پوچھتے ہیں کہ وہ مزاحیہ فلموں کا حصہ کیوں نہیں بن رہیں اور مزاحیہ فلموں میں کام کرنے پر سنجیدہ کردار کی توقع رکھتے ہیں۔
تبو سمجھتی ہیں کہ ناظرین کوکبھی خوش نہیں رکھا جا سکتا، لہٰذا وہ صرف اپنے دل کی بات سن کر فلموں کا انتخاب کرتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہUniversal PR
ایک سال میں ایک فلم
فلموں میں کم کام کرنے کے سوال پر تبو نے کہا کہ 'میرے دور کی کتنی اداکارائیں ہیں جو فلموں میں کام کر رہی ہیں؟ میں سال میں ایک فلم تو کر رہی ہوں۔'گول مال فور‘ میں تبو اپنے خاص دوست اجے دیوگن کے ساتھ نظر آئیں گی۔ انھوں نے کہا کہ ان کا اور اجے دیوگن کا ایک خاص رشتہ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تبو کے مطابق اجے دیوگن اور انھوں نے کریئر کے ہر پڑاؤ پر ایک ساتھ کام کیا ہے اس لیے انھیں اجے دیوگن کے ساتھ کام کرنے میں سہولت رہتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہUniversal PR
آپ بیتی نہیں لکھوں گی
تبو اپنے فلمی کریئر میں امیتابھ بچن کے ساتھ رومانوی فلم 'چینی کم' کو سنگ میل سمجھتی ہیں کیونکہ ان کے مطابق اس فلم کے بعد ایسی جوڑیاں بننی شروع ہوئیں جس میں عمر کا فرق آدھا تھا اور جو ذرا 'ہٹ کر' تھیں۔
اپنے 20 سال کے فلمی کریئر میں تبو نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں لیکن انھوں نے طے کیا ہے کہ وہ کبھی آپ بیتی نہیں لکھیں گی۔
روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں بنائی جانے والی گول مال فور میں تبو کے علاوہ اجے دیوگن، ارشد وارثی، پرینیتی چوپڑا، تشار کپور اور کنال کھیمیو بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 20 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔








