ہاروی وائن سٹین پر جنسی ہراس کے الزامات، آسکر اکیڈمی کا ہنگامی اجلاس طلب

،تصویر کا ذریعہGetty Images
فلمی دنیا کے معروف ترین ایوارڈز آسکرز دینے والے ادارے نے ہالی وڈ کے معروف فلم پروڈیوسر ہاروی وائن سٹین پر جنسی ہراس کے الزامات لگنے کے بعد ان کے مستقبل کے بارے میں بات چیت کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز کا کہنا ہے کہ وائن سٹین پر جنسی ہراسگی کے الزامات 'ناخوشگوار' ہیں۔
برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس یا بافٹا نے پہلے ہی ہاروی کی رکنیت معطل کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیے

وائن سٹین نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
دوسری جانب نیو یارک پولیس نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ وہ ہاروی وائن سٹین پر لگنے والے الزامات کے تناظر میں ان تمام خواتین سے انفرادی طور پر ملاقات کرنا چاہتی ہے جنھوں نے 2004 سے ہاروی کے ساتھ وقت گزارا ہے۔
نیویارک پولیس نے اس بارے میں مزید تفصیل فراہم نہیں کی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکہ کی آسکر اکیڈمی کا کہنا ہے کہ وہ وائن سٹین پر لگنے والے الزامات اور ان پر اکیڈمی کے ممکنہ ایکشن پر غور کرنے کے لیے سنیچر کو اجلاس بلائے گی۔
امریکی اکیڈمی وائن سٹین کمپنی اور میرامیکس سٹوڈیو کی بنائی ہوئی فلموں کو 81 سے زیادہ آسکر ایوارڈز دے چکی ہے۔
ادھر برطانوی اداکارہ اور ماڈل کارا ڈیلووین نے وائن سٹین پر نامناسب برتاو کے تازہ الزامات عائد کیے ہیں۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ ہاروی وائن سٹین نے اس وقت ان کا بوسہ لینے کی کوشش کی جب وہ ہوٹل کے کمرے سے جانے والی تھیں۔
کارا ڈیلووین کا کہنا ہے کہ 'میں نے بہت کمزور اور خوفزدہ محسوس کیا'۔
اس سے قبل کئی معروف اداکاراؤں نے جن میں اینجلینا جولی اور گیونتھ پالترو بھی شامل ہیں، وائن سٹین پر جنسی حملے یا ہراساں کرنے کے الزامات لگائے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
اینجلینا جولی اور گیونتھ پالٹرو نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو اپنے بیانات بھجوائے تھے جن میں انہوں نے بھی ہاروی پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے۔
ہالی وڈ کی معروف وائن سٹین کمپنی نے الزامات سامنے آنے کے بعد ہاروری کو کمپنی سے نکال دیا تھا جبکہ اُن کی اہلیہ ڈیزائنر جورجینا نے ایک میگزین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کو چھوڑ رہی ہیں۔
ہاروی وائن سٹین کی اہلیہ نے کہا تھا کہ 'میرا دل اُن تمام خواتین کی وجہ سے بہت افسردہ ہے، جو اس تکلیف سے گزری ہیں۔ یہ اقدام قابلِ تلافی نہیں ہے۔'
65 سالہ ہاروی اور اُن کی 41 سالہ اہلیہ جورجینا کے دو بچے ہیں۔








