اینجلینا جولی اور گیونتھ پالٹرو کا ہالی وڈ پروڈیوسر پر ہراساں کرنے کا الزام

،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی اداکارہ اینجلینا جولی اور گیونتھ پالٹرو نے ہالی وڈ کے معروف پروڈیوسر ہاروی وائن سٹین کے خلاف ہراساں کرنے کا الزام عائد کیے ہیں۔
انھوں نے واضح کیا کہ ہراساں کیے جانے کے واقعات اُن کے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ہوئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ کچھ دنوں کے دوران کئی اداکاروں نے وائن سٹین پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے ہیں جبکہ پروڈیوسر نے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
ہالی وڈ کی بڑی کمپنی وائن سٹین کمپنی نے الزامات سامنے آنے کے بعد ہاروری کو کمپنی سے نکال دیا تھا جبکہ اُن کی اہلیہ ڈیزائنر جورجینا نے ایک میگزین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شوہر کو چھوڑ رہی ہیں۔
ہاروی وائن سٹین کی اہلیہ نے کہا کہ ’میرا دل اُن تمام خواتین کی وجہ سے بہت افسردہ ہے، جو اس تکلیف سے گزری ہیں۔ یہ اقدام قابلِ تلافی نہیں ہے۔‘
65 سالہ ہاروی اور اُن کی 41 سالہ اہلیہ جورجینا کے دو بچے ہیں۔
منگل کو اینجلینا جولی اور گیونتھ پالٹرو نے امریکہ اخبار نیو یارک ٹائمز کو اپنے بیان بھیجوائے۔
جولی نے اپنے ای میل میں لکھا کہ ’میرا ہاروی وائن سٹین کے ساتھ تجربہ بہت برا تھا اور اسی بنا پر میں نے اُن کے ساتھ دوبارہ کبھی کام نہیں کیا اور دوسروں کو بھی اُن کے بارے میں خبردار کیا۔ کسی بھی ملک میں خواتین کے ساتھ کسی بھی شعبے میں یہ رویہ ناقابلِ قبول ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
گیونتھ پالٹرو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایما کے کردار میں کاسٹ کرنے کے بعد وائن سٹین نے انھیں ہوٹل کے کمرے میں بلایا اور ان کے جسم پر ہاتھ رکھتے ہوئے انھیں بیڈ روم میں مساج کرنے کی تجویز دی۔'
انھوں نے بتایا کہ 'میں کم عمر تھی۔ اُن کے ساتھ معاہدہ تھا۔ میں بہت خوف زدہ تھی۔'
پالٹرو کہتی ہیں کہ اس واقعے کے بارے میں انھوں نے اپنے بوائے فرینڈ بریڈ پٹ کو بتایا۔ جس کے بعد انھوں نے ہاروی سے بات کی۔
وہ کہتی ہیں کہ'مجھے لگ رہا تھا کہ مجھے نکال دیا جائے گا۔'
نیو یارکر میگزین کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وائن سٹین کمپنی میں کام کرنے والے موجودہ اور سابقہ 16 ملازمین نے کہا ہے کہ انھوں نے ہاروی کی جانب سے جنسی تعلقات قائم کرنے کی دعوت دینے اور غیر اخلاقی انداز میں چھونے کے واقعات دیکھے ہیں۔
اس کے علاوہ 1996 میں آسکر ایوارڈ جیتنے والی اداکارہ میرا سور وینو نے بھی ہاوری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعلقات قائم کرنے کے لیے ہاروی وائن سٹین نے اُن پر دباؤ ڈالا۔










