کیا لوگوں کے مزاج اور پسند بدل رہی ہے؟

اکشے کمار

،تصویر کا ذریعہHYPE PR

،تصویر کا کیپشناب فلمیں پہلے کی طرح سوئٹزر لینڈ کے مناظر سے نہیں بلکہ موضوعات کی اہمیت سے چلتی ہیں اور ہٹ ہورہی ہیں
    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

کیا بالی وڈ میں ٹرینڈ بدل رہا ہے، اس وقت زیادہ تر لوگوں کی زبان پر یہی سوال ہے اور جس کا جواب بھی شاید ہاں ہے۔

ایک طویل عرصے سے بالی وڈ کی فلمیں سوئٹزرلینڈ کے برف سے ڈھکے حسین پہاڑیوں کے درمیان شفون کی ساڑھی میں لپٹی خوبصورت ہیروئن اور ہیرو کے رومانٹک گانوں یا نیو یارک کی بلند ترین عمارتوں کے درمیان ایکشن کے مناظر کے ساتھ انڈیا کی مڈل کلاس آبادی کو خوابوں کی دنیا میں لے جاتی رہی ہیں۔

'بدری ناتھ کی دلہنیاں

،تصویر کا ذریعہFACEBOOK - BADRINATH KI DULHANIYA

،تصویر کا کیپشنفلم بدری ناتھ کی دلہنیا میں عالیہ بھٹ

لیکن ایسا لگتا ہے کہ اب لوگوں کی پسند اور مزاج دونوں بدل رہے ہیں۔ آج فلم 'بدری ناتھ کی دلہنیا'، 'جولی ایل ایل بی' اور ٹوائلیٹ ایک پریم کتھا جیسی فلمیں کروڑوں کا کاروبار کر رہی ہیں جن میں چھوٹے شہروں اور قصبوں کے لوگوں کی کہانیاں، ان کے مسائل اور جذبات کی عکاسی کی جا رہی ہے اور ان موضوعات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جو شاید حقیقی ہیں اور اسی لیے لوگوں کے دلوں کو چھو رہے ہیں۔

کیرتی سنان

،تصویر کا ذریعہSPICE PR

،تصویر کا کیپشناداکارہ کیرتی سنان نے فلم بریلی کی برفی میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرے

حال ہی میں اداکار راج کمار راؤ، کیرتی سنان اور ایوشمان کھرانہ کی فلم 'بریلی کی برفی' دیکھنے کا اتفاق ہوا تو معلوم ہوا کہ بریلی میں جھمکے کے علاوہ کچھ اور بھی ہے اور شاید فلمسازوں کو بھی یہ بات سمجھ میں آ چکی ہے جو اب سوئٹزر لینڈ اور لندن جیسی دل موہ لینے والی لوکیشنز کے بجائے انڈیا کے چھوٹے چوٹے شہروں اور دیہاتوں میں کہانیاں ڈھونڈنے لگے ہیں۔

یہ بات بھی دلچسپ ہے کہ سینیما تھیئٹر تک لوگوں کی بھیڑ کھینچ کر لانے کے لیے اب پڑے پردے پر بڑے بڑے ستاروں کا جمگھٹا لگانے کی کوئی ضرورت نہیں۔

ٹوئنکل کھنہ
،تصویر کا کیپشنکسی بھی حساس موضوع پر بولنے یا لکھنے سے ٹوئنکل کھنہ کو بھلا کون روک سکتا ہے

کسی بھی حساس موضوع پر بولنے یا لکھنے سے ٹوئنکل کھنہ کو بھلا کون روک سکتا ہے اب چاہے سوشل میڈیا پر فعال لوگوں کو ان کی بات پسند آئے یا نہیں یہ اور بات ہے کہ ٹوئنکل کا انداز تحریر کچھ ایسا ہوتا ہے کہ لوگ محظوظ ہوئے بغیر نہیں رہ پاتے۔

انڈیا میں تین طلاق کے حوالے سے عدالت کے فیصلے پر ہر سمجھدار اور ناسمجھ نے اپنی سمجھ بوجھ کے مطابق رائے دینے کی کوشش کی اور ظاہر ہے کہ سوشل میڈیا پر طبع آزمائی کون نہیں کرنا چاہتا۔ پھر کیا تھا بھانت بھانت کے لوگوں نے اس فیصلے کے حق میں رائے دینے کی کوشش کی جن میں ہمیشہ کی طرح فلمساز مدھر بھنڈارکر اور انوپم کھیر جیسے بڑے لوگ بھی شامل تھے۔

انوپم کھیر

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنانوپم کھیر کا شمار انڈیا کے نامور فنکاروں میں ہوتا ہے

انوپم جی فرماتے ہیں کہ یہ عورتوں کے حقوق کی جیت ہے پتہ نہیں گودھرا اور گجرات فسادات کے دوران انوپم جی نے اپنے اعلیٰ خیالات کا اظہار کیوں نہیں کیا، شاید اس لیے کہ اس وقت ٹوئٹر نہیں تھا۔ مدھر بھنڈارکر کا کہنا ہے کہ یہ عورتوں کو با اختیار بنانے کے سلسلے کا آغاز ہے۔ مدھر کی بات سمجھ میں آتی ہے کیونکہ یہ ان فلمسازوں کی فہرست میں سب سے آگے ہیں جو اپنی فلموں میں حقیقت کے نام پر بِلاوجہ عورتوں کی مبینہ آزادی کی کھل کر نمائش کرتے ہیں۔

اکشے

،تصویر کا ذریعہHYPE PR

،تصویر کا کیپشناکشے کمار کی فلم ٹوائلٹ ایک پریم کتھا باکسں آفس پر کامیاب ہو رہی ہے

اکشے کمار کی فلم ٹوائلٹ ایک پریم کتھا باکسں آفس پر کامیاب ہو رہی ہے۔ فلم نے پہلے ہی ہفتے میں 96 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کی۔ فلم کی کامیابی اکشے کمار کے ساتھ ساتھ شاید اس کا موضوع بھی ہے۔ سو کروڑ کا بزنس کرنے والی یہ اکشے کی آٹھویں فلم ہے۔ حال ہی میں عامر خان نے درست ہی کہا تھا کہ سپر سٹارز کے حوالے سے میڈیا صرف تین خانوں کا ذکر ہی کیوں کرتا ہے اکشے جیسے ہیرو بھی ہیں جنھوں نے انڈسٹری کو کامیاب اور اچھی فلمیں دی ہیں۔