’ہیریسن فورڈ بے وقوفی کے باوجود پائلٹ لائسنس رکھ سکتے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہPA
ہالی وڈ اداکار ہیریسن فورڈ کو غلطی سے اپنا سنگل انجن طیارہ امریکی ایئر پورٹ کے ٹیکسی وے پر اتارنے پر کسی قسم کی سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ائیر ٹریفک کنٹرول کے سامنے ’بے وقوفی‘ کا اعتراف کرنے والے امریکی اداکار ہیریسن فورڈ ’بنا کسی پابندی کے اپنا پائلٹ سرٹیفیکٹ رکھ سکتے ہیں‘۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ گذشتہ فروری میں پیش آیا تھا جب فورڈ نے کیلیفورنیا کے جان وین ہوائی اڈے پر امریکی ایئر لائن کے طیارے کے جس میں 110 افراد اور عملے کے ارکان سوار تھے اوپر سے انتہائی نچلی سطح کی پرواز بھری۔
تاہم فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) اس پر کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔
ہیریسن فورڈ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ’ایف اے اے نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی ہیں اور اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کسی قسم کی انتظامی کارروئی کی ضرورت نہیں۔‘
سٹیفن ہوفر نے مزید کہا کہ ’ایجنسی نے فورڈ کے فیڈرل ایوی ایشن ریگولیشنز کے ساتھ ماضی کے تعلقات اور تحقیقات کے دوران ان کے تعاون اور رویے کو تسلیم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مسٹر فورڈ کے ساتھ ایسا کوئی حادثہ پیش آیا ہے۔
اس سے قبل 2015 میں بھی ہیریسن فورڈ لاس اینجیلس میں طیارے کے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انڈیانا جونز اور سٹار وارز سیریز کی فلموں سے شہرت حاصل کرنے والے 72 سالہ فورڈ خود اپنا طیارہ اڑا رہے تھے کہ انجن کی خرابی کی وجہ سے سانتا مونیکا ہوائی اڈے کے نزدیک واقع وینس گولف کورس میں انھیں کریش لینڈنگ کرنا پڑی۔







