آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چوتھے سعودی فلم فیسٹیول میں انتہاپسندی پر منبی فلم کو ایوارڈ
سعودی عرب میں منعقدہ فلم فیسٹیول میں مذہبی انتہا پسندی پر مبنی ایک فلم کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب ایسا ملک ہے جہاں عام طور پر سینیما پر پابندی ہے۔
فلم 'ڈپارچر' یا روانگی میں ایک طیارے کے دو مسافروں کی کہانی بیان گئی ہے جو کہ خودکشی کی نیت سے طیارے میں سوار ہوتے ہیں۔ اس میں سے ایک جہادی دہشت گردی کے مقصد کے تحت سوار ہوتا ہے جبکہ دوسرا ایک لاعلاج بیماری سے چھٹکارا پانے کے لیے اپنی زندگی ختم کرنا چاہتا ہے۔
سعودی عرب میں چوتھی بار کسی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے جسے کچھ تک حد عوامی تفریح کی اجازت کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
سعودی عرب کے شہر دمام میں منعقدہ فلم فیسٹیول کے دوران تقریباً 60 فلموں کی نمائش کی گئی جن میں تقریباً ایک درجن فلمیں خواتین نے بنائی تھیں۔
فلم 'ڈیپارچر' 25 منٹ کی شارٹ فلم ہے اور اسے بہترین فلم کے ایوارڈ کے ساتھ اس کے اداکار کو بہترین اداکار کا انعام بھی ملا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ گذشتہ سال ایک سرکاری محکمہ قائم کیا گیا تھا تاکہ وہ اس طرح کے پروگرامز کی نگرانی کرے۔
اسی محکمے نے رواں سال کو سعودی عرب کے لیے تفریح کا سال قرار دیا تھا۔
اس کے تحت سعودی عرب کے سب سے بڑے گلوکار کے کنسرٹ کے ساتھ کامک کون فیسٹیول کا انعقاد کیا جا چکا ہے۔
بی بی سی کے عرب معاملات کے ایڈیٹر سیبیسٹیئن اشر نے بتایا کہ تفریح کا سال قرار دیے جانے کے تعلق سے ابھی وہاں ایک سرکس کی نمائش بھی کی جائے گی جبکہ امریکی اداکارہ اور فلم ساز اوپرا ونفری اور اداکار الپچینو کے پروگرامز بھی منصوبے میں شامل ہیں۔