آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کیا ہالی وڈ جانا بیوقوفی ہے؟
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن
سلمان خان نے بالی وڈ میں وہ مقام حاصل کر لیا ہے کہ وہ اپنی شرائط پر کام کرتے ہیں اور فلم کی ریلیز بھی انہی کی مرضی کے مطابق کی جاتی ہے۔
ہر کوئی یہ جانتا ہے کہ سلمان کی بڑی فلم ہمیشہ عید پر ریلیز ہوتی ہے اور 'عید صرف سلمان کی ہے‘۔ یہاں تک کہ شاہ رخ نے بھی ’رئیس‘ کی ریلیز عید پر کرنے سے گریز کیا تھا۔
اب فلمساز کرن جوہر اپنی فلم 'بدری ناتھ کی دلہنیا' ہولی کے موقعے پر ریلیز کر رہے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ فلم عید کے موقعے پر ریلیز کیوں نہیں کی جا رہی؟ تو کرن کا جواب تھا کہ عید سلمان کی ہے اور وہ باکس آفس پر ان سے ٹکر نہیں لیں گے۔
کرن کا کہنا ہے کہ وہ اسی وقت اپنی فلم عید پر ریلیز کریں گے جب ان کی فلم میں سلمان خان ہوں گے۔ کرن کو فلم 'قابل' اور 'رئیس' سے کچھ سبق سیکھنا چاہیے دونوں ہی فلمیں اس قابل تھیں کہ پروڈیوسرز کو رئیس بنا گئیں۔ مطلب یہ کہ اگر فلم لوگوں کی پسند کی ہو تو فلم کے بزنس پر زیادہ فرق نہیں پڑتا۔
عید اگر سلمان کی ہے تو دیوالی شاہ رخ کی اور کرسمس عامر خان کی۔ عامر کی فلم 'دنگل' حالانکہ ریلیز تو کرسمس پر ہوئی تھی لیکن مال آج تک بٹور رہی ہے اور اب تک 385 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کر چکی ہے۔
عامر اسی ہفتے اس فلم کی کامیابی کی خوشی میں پارٹی دے رہے ہیں۔ ویسے عامر کو چاہیے ابھی اور انتظار کریں کیونکہ پاکستان میں بھارتی فلموں پر پابندی ختم ہونے کے بعد رتک کی فلم 'قابل' ریلیز کر دی گئی ہے، اب انڈیا کی کئی بڑی فلمیں پاکستان میں ریلیز ہونے والی ہیں اور 'دنگل' بھی ان میں سے ایک ہو گی۔ 'دنگل' کی ٹیم کو چاہیے کہ نوٹوں کی گنتی کا کام ابھی جاری رکھیں۔
رنبیر سنجے کے روپ میں
راج کمار ہیرانی سنجے دت کی زندگی پر جو فلم بنا رہے ہیں اس میں سنجے کی زندگی کے اہم پہلو کو پردے پر پیش کیا جائے گا۔ رنبیر کپور سنجے کا کردار نبھائیں گے اور اس کے لیے انھوں نے تقریباً 13 کلو وزن بھی بڑھا لیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رنبیر کا کہنا ہے کہ یہ فلم کوئی پراپگینڈہ نہیں ہے بلکہ انسان کی اچھائیوں، برائیوں اور غلطیوں اور جذبات کی کہانی ہے۔ فلم میں سنجے کے والدین، دوستوں اور ان کی زندگی میں آنے والی خواتین کا ذکر ہوگا، اب چاہے وہ مادھوری ہوں یا ٹینا منیم۔
ویسے ٹینا منیم سے یاد آیا کہ رشی کپور نے اپنی کتاب 'کھلم کھلا' میں لکھا تھا کہ ایک بار سنجے دت ان کی پٹائی کرنے ان کے گھر پہنچے تھے کیونکہ ان کو شبہہ تھا کہ ان کی اس وقت کی گرل فرینڈ ٹینا منیم اور رشی کے درمیان افیئر چل رہا ہے۔
رشی کے گھر پر ان کی منگیتر نیتو سنگھ موجود تھیں جنھوں نے سنجے کو سمجھا بجھا کر واپس بھیج دیا تھا۔ بحر حال رنبیر کا کہنا ہے کہ سنجے کی کہانی نوجوانوں کے لیے ایک سبق ہوگی۔
کھل کر بات کرنے والی کنگنا
کنگنا رناوت بالی وڈ کی ایسی اداکارہ ہیں جو کھل کر بات کرنے سے نہیں چوکتیں۔
اس وقت بالی وڈ کی دو بڑی ہیروئنیں پرینکا چوپڑہ اور دپیکا پاڈوکون ہالی وڈ میں کام کر رہی ہیں لیکن کنگنا کا خیال ہے کہ اس وقت کام کے لیے ہالی وڈ جانا بیوقوفی ہے کیونکہ ڈیجیٹل میڈیا کے سبب ان کا بزنس کم ہو رہا ہے جبکہ بالی وڈ میں یہ کاروبار بڑھ رہا ہے۔
کنگنا کا یہ بھی کہنا ہے: 'میں ورلڈ سنیما کرنا چاہتی ہوں لیکن وہ ایسی فلم ہو جو انڈیا میں بھی روزگار اور پیسہ لے کر آئے۔‘
کنگنا کا کہنا تھا کہ وہ خود کو کسی دوسری انڈسٹری کے لیے پلیٹ میں سجا کر نہیں دیں گی۔ لگتا ہے ابھی تک کنگنا کو ہالی وڈ کی کوئی آفر نہیں آئی۔