آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کیا قطرینہ اور انوشکا دیپکا کی دوست ہیں؟
بالی وڈ کے فلم ساز کرن جوہر کے چیٹ شو 'کافی ود کرن' میں گفتگو کے دوران کئی بار کچھ غیر معمولی باتیں سامنے آ جاتی ہیں۔
حال ہی میں ان کے شو پر بالی وڈ اداکارہ قطرینہ کیف اور انوشکا شرما ایک ساتھ آئی تھیں۔
جب ان دونوں سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دیپکا پڈوکون کی اچھی دوست ہیں تو ان کے منہ سے یکلخت نکلا: ’نہیں۔‘ اس کے فوراً بعد دیپکا نے ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انھوں نے لكھا: ’یہ لڑکیاں پرجوش تھیں۔ کتنی پرمزاح یہ قسط تھی۔‘
لیکن سوشل میڈیا پر یہ لکھنے سے بات ختم نہیں ہوئی۔ سوال اٹھے اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیپکا نے کہا: ’میرے اور ان کے درمیان کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ یہ ضروری تو نہیں کہ آپ کسی شخص کے لیے جو محسوس کرتے ہیں، دوسرا بھی آپ کے لیے ویسا محسوس کرے۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’اس میں کوئی بڑی بات نہیں۔ مجھے انوشکا اور قطرینہ دونوں کا کام پسند ہے اور مجھے وہ ذاتی طور پر بھی پسند ہیں۔ میری طرف سے آل دی بیسٹ۔‘
ابھی دیپکا پاڈوکون کا سارا دھیان ان کی اپنی آنے والی فلم پر ہے۔ ہالی وڈ میں ان کی پہلی فلم ’ٹرپل ایکس: ریٹرن آف ژینڈڑ کیج‘ کی ریلیز کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں ان کی مذکورہ فلم 20 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے جبکہ انڈیا میں یہ ایک ہفتہ پہلے یعنی 14 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایسے میں دیپکا پاڈوکون کا کہنا ہے کہ وہ ملک کی نمائندگی کرکے بہت خوش ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس فلم کا ایکشن سکیوئنس زبردست ہے۔
انھوں نے کہا: ’ایک نئے سٹار کے ساتھ دنیا مجھے دیکھے گی۔ یہ ہالی وڈ میں میرا پہلا قدم ہے۔ میں بہت نروس ہوں، لیکن حوصلہ مند بھی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ فلم لوگوں کو پسند آئے گی کیونکہ اس میں جو ایڈوینچرز (مہمات) ہیں شاید انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی ہوں گی۔‘
انھوں نے اپنے حال ٹویٹ میں اپنے کو سٹار وین ڈیزل کو مخاطب کرتے ہوئے ہندی میں ٹویٹ کیا ہے: ’انڈیا بے صبری سے تمہارا انتظار کر رہا ہے۔ جلد ہی 12 اور 13 جنوری کو ملاقات ہوگي۔ ہم سب کا ڈھیر سارا پیار۔‘
دیپکا اس فلم کے علاوہ سنجے لیلا بھنسالی کی تاریخی کردار پر مبنی فلم ’پدماوتی‘ میں بھی نظر آئیں گی۔