دیپکا پر مغربی اور انڈین میڈیا میں ٹھن گئی

    • مصنف, مرزا اے بی بیگ
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی

بالی وڈ کی معروف اداکارہ دیپکا پاڈوکون رواں ہفتے ایم ٹی وی ای ایم اے ایوارڈز کی تقریب میں ریڈ کارپٹ پر اپنے جلوے بکھیرتی نظر آئیں لیکن ماہرین کو بہت زیادہ متاثر نہیں کر سکیں۔

بظاہر ہالی وڈ میں ان کی پہلی کوشش کو 'ناکام' قرار دیا جا رہا ہے جبکہ انڈیا کے ڈیزائنر ان کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

دیپکا وِن ڈیزل کے ساتھ 'ٹریپل ایکس: ریٹرن آف زینڈر کیج' سے ہالی وڈ میں قدم رکھ رہی ہیں اور انھوں نے روٹرڈیم میں منعقدہ اس تقریب میں جے سنگھ اور شالین نتھانی کے تیار کردہ لباس زیبِ تن کر رکھا تھا۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل نے 'بدترین لباس میں ملبوس مشاہیر' کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے انھیں 'بالی وڈ بلنڈر' قرار دیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اس اخبار نے ایک تصویر میں دیپکا کی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے انھیں ٹینس سٹار نواک 'جوکووچ کی ساتھی' لکھا تھا جو بحث کا موضوع بن گيا تھا۔

دوسری جانب دیپکا نے ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ معروف امریکی میگزین ایل نے انھیں 'بہترین سیلیبریٹی لکس' میں شامل کیا ہے۔

ایم ٹی وی کی میوزک ایوارڈ تقریب میں انھوں نے زیتون کے رنگ کی سکرٹ اور اسی سے مطابقت رکھتی ہوئی بامبر جیکٹ پہن رکھی ہے۔ کانوں میں جھمکے ہیں جن سے سکرٹ کے رنگ کے دھاگے جھالر کے انداز میں شانے سے نیچے لٹک رہے ہیں۔ سکرٹ پر بالمین بیلٹ اور پاؤں میں سیاہ ہیل پہن رکھی تھی۔

انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ریتو بیری، رینا ڈھاکا، انجو مودی اور پایل سنگھل جیسے ڈیزائنروں نے تقریب میں ان کے سراپا کو 'فیشن کی فاش غلطی' تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

ریتو بیری نے انھیں 'سٹائل کا نچوڑ اور لب لباب' قرار دیتے ہوئے کہا: 'دیپکا سٹائل کا نچوڑ ہیں۔ ان میں اپنی خوبصورتی اور وقار ہے اور وہ جو پہن لیں وہ ان پر سجتا ہے۔ مجھے ان کے لباس اور بطور خاص جس طرح سے انھوں نے اسے پیش کیا پسند ہیں۔'

فلم 'باجی راؤ مستانی' اور 'رام لیلا' میں دیپکا کو پیش کرنے والے مودی کہتے ہیں کہ 'وہ ہمیشہ شاندار نظر آتی ہیں۔'

رینا ڈھاکہ نے کہا کہ کسی طرح سے 'بلنڈر' یعنی بڑی غلطی نہیں تھی۔ بالی وڈ میں کئی دوسری اداکارائیں بھی دیپکا کے سٹائل اور لباس کی معترف رہی ہیں اور یہ کہتی ہیں کہ ان پر سارے کپڑے جچتے ہیں۔

دیپکا نے اپنی ساتھی اداکارہ نینا ڈوبریو کے ساتھ سٹار بوائے کے لیے دا ویکنڈ کو بہترین ویڈیو کا ایوارڈ پیش کیا۔

ان کی فلم ٹرپل ایکس آئندہ سال 20 جنوری کو ریلیز ہو رہی ہے۔