آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
نیوزی لینڈ میں خاتون کے سامان سے دو سالہ بچی برآمد: ’بیگ ہل رہا تھا اس لیے ڈرائیور کو شک ہوا‘
نیوزی لینڈ میں پولیس نے ایک خاتون کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب اس کے سوٹ کیس سے ایک دو سالہ زندہ بچی برآمد ہوئی۔
یہ واقعہ اتوار کو شمالی نیوزی لینڈ میں پیش آیا جب وانگاری سے آک لینڈ جانے والی بس چھوٹے سے قصبے کائیواکا کے ایک بس سٹاپ پر رکی۔
پولیس نے بتایا کہ بس کے ڈرائیور کو خاتون پر اس وقت شک ہوا جب اس نے دورانِ سفر وقفے کے دوران بس کے نچلے حصے میں موجود اس مقام تک رسائی مانگی تھی جہاں سامان رکھا گیا تھا۔
نیوزی لینڈ پولیس نے ایک بیان میں کہا، ’ڈرائیور نے جب خاتون کا بیگ ہلتے ہوئے دیکھا تو وہ فکرمند ہو گیا۔ اس نے جب سوٹ کیس کھولا تو اس میں دو سالہ بچی موجود تھی۔‘
حکام کے مطابق بچی نے صرف ایک ڈائپر پہنا ہوا تھا اور وہ تقریباً ایک گھنٹے سے اس بیگ میں بند تھی۔
اس دریافت کے بعد 27 سالہ خاتون کو گرفتار کر لیا گیا اور اس پر بچے سے بدسلوکی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تاحال واضح نہیں کہ مذکورہ بچی اور اسے سوٹ کیس میں بند کر کے لے جانے والی خاتون کا باہمی تعلق کیا ہے۔ملزمہ کو پیر کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق’بچی کا جسم بہت گرم تھا لیکن جسمانی طور پر اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد بچی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا طبی معائنہ کیا گیا ہے۔
پولیس نے اپنے بیان میں کہا، ’ہم بس ڈرائیور کی تعریف کرنا چاہیں گے، جس نے دیکھا کہ کچھ غلط ہو رہا ہے اور اس نے فوری کارروائی کی ورنہ اس سے کہیں زیادہ برا نتیجہ نکل سکتا تھا۔‘