مسافروں کو ناردرن لائٹس دکھانے کے لیے پائلٹ نے جہاز گھما دیا

،تصویر کا ذریعہBBC WEATHER WATCHERS/BRASS IN THE BRAES
ایزی جیٹ ائیرلائن کے ایک پائلٹ نے مسافروں کو ناردرن لائٹس کا مسحور کن نظارہ کروانے کے لیے جہاز کو مکمل طور پر (360 کے زاویے) پر گھما ہی دیا۔
یہ جہاز آئس لینڈ سے مانچسٹر جا رہا تھا جب برطانیہ کا آسمان اس خوبصورت منظر سے بھر گیا۔
یاد رہے ناردرن لائٹس، قدرت کا شاندار لائٹ شو ہے جسے ارورہ بوریلیس بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نظارہ اس وقت ہوتا ہے جب سورج کی سطح پر ہونے والے دھماکے، جنھیں سولر فلیئرز کہتے ہیں، زمین کی فضا میں موجود گیسوں سے ٹکرا کر سرخ، سبز اور جامنی رنگ کے چمکتے ہوئے بینڈ بناتے ہیں۔
اس جہاز میں چیشائر سے تعلق رکھنے والے مسافر ایڈم گروز نے بتایا کہ یہ ’ناقابل یقین‘ نظارہ ان کے چار راتوں والے سیاحتی دورے سے بڑھ کر محسور کن تھا حالانہ اس دورے کے دوران ان کی منگنی بھی ہوئی۔
برطانیہ میں یہ دوسری رات تھی جب اس ملک کے شہریوں نے ناردرن لائٹس کا نظارہ کیا۔
گروز کا کہنا ہے کہ جب ان کے جہاز نے ریکجاوک سے اڑان بھری، وہ اور ان کی منگیتر جیسمین ماپ جہاز کے دائیں جانب بیٹھے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پائلٹ اتنے مہربان نہ ہوتے تو شاید وہ کبھی بھی یہ لائٹس نہیں دیکھ پاتے۔
اس جوڑے نے حقیقتاً آئس لینڈ کا اپنا پورا دورہ ایسے مناظر کی تلاش میں گزارا تھا۔

،تصویر کا ذریعہADAM GROVES
گروز بتاتے ہیں کہ ’ہمیں امید تھی کہ ہم آئس لینڈ میں اس نظارے سے لطف اندوز ہو سکیں گے لیکن ہمیں موقع ہی نہیں ملا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
’ہمارے جہاز نے اڑان بھری جس کے آدھے راستے پر پائلٹ نے تمام لائٹس بند کر دیں اور بائیں کھڑکی سے باہر کا منظر دیکھا جا سکتا تھا۔‘
’لیکن ہم دائیں طرف بیٹھے ہوئے تھے مگر چند منٹوں کے بعد پائلٹ واپس گیا اور 360 کے زاویے پر جہاز کو گھمایا تاکہ سب مسافر اس محسور کن نظارے کو دیکھ سکیں۔‘
یہ بھی پڑھیے

،تصویر کا ذریعہADAM GROVES
گروز کا کہنا ہے یہ منظر ہمارے دورے کا سب سے بہترین تجربہ تھا۔ ان کی گرل فرینڈ نے آئس لینڈ کے جنوبی ساحل میں ایک خوبصورت مقام پر گروز سے شادی کی حامی بھر لی تھی۔
ان کی منگیتر ماپ کہتی ہیں کہ ’ناردن لائٹس دیکھنے کی امید میں ہم نے کئی دنوں تک گاڑی میں مختلف مقامات کی خاک چھانی مگر ہمیں کامیابی نہ ملی اور آخرکار جہاز میں سے یہ شاندار نظارہ دیکھنے کو ملنا۔۔۔ یہ ہمارے بہت ہی خاص سفر کا بہترین اختتام تھا۔‘
ایزی جیٹ کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ کپتان کنٹرول طریقے سے جہاز گھمانے میں کامیاب رہا تاکہ مسافروں کو قدرت کے عظیم ترین مقامات میں سے ایک پر شاندار منظر دیکھنے کو مل سکے۔‘
’ہمارا عملہ ہمیشہ اپنے مسافروں کے لیے بڑھ چڑھ کر خدمات فراہم کرنا چاہتا ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہم ان کے ساتھ یہ خاص منظر شیئر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔‘










