بیٹی کی ’میٹھا کھانے کی خواہش‘ جس نے والدین کو کروڑوں کی لاٹری جتوا دی

،تصویر کا ذریعہNational Lottery
- مصنف, گیما شیرلوک
ایک تین برس کی بچی کی ٹافی کھانے کی شدید خواہش سے اُس کے والدین 524000 یورو (17 کروڑ 18 لاکھ پاکستانی روپے) کی لاٹری جیت گئے۔
انگلینڈ کے 44 سالہ ولڈیت بوجاپی کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی اس لاٹری کا ٹکٹ نہ خریدتے اگر اُن کی بیٹی گھر واپس جاتے ہوئے ٹافیاں لینے کے لیے اصرار نہ کرتی۔
انھوں نے بتایا کہ جب تیسری بار اُن کی بیٹی نے کہا کہ ’کیا میں کچھ ٹافیاں خرید سکتی ہوں۔‘ تو پھر وہ دکان کی جانب مڑے۔
انھوں نے بتایا کہ جب انھیں لاٹری نکلنے کا پتہ چلا تو وہ بہت خوش ہوئے اور اُن کی بیٹی جو ’پہلے ہی اپنے والد کی شہزادی تھی اب تو ملکہ بن گئی ہے۔‘
ولڈیٹ نے بتایا کہ پانچ ستمبر کو ہونے والے لکی ڈرا میں انھوں نے لکی ڈپ ٹکٹ خریدا اور اُن کے پہلے پانچ نمبر 27، 30، 31، 41، 43 لگے جبکہ لکی سٹار 8 بھی لاٹری کے نمبر سے میچ کر گیا۔
ولڈیٹ کی اہلیہ ایبے کا کہنا ہے کہ میں گھر کی صفائی میں مصروف تھی جب میرے شوہر نے مجھے کال کی۔

،تصویر کا ذریعہNational Lottery
انھوں نے بتایا کہ ’میں باتھ روم صاف کر رہی تھی اور فون سننے کے لیے میں ہاتھوں پر پہنے ہوئے ربڑ کے دستانے اُتارنا نہیں چاہتی تھی۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ولڈیٹ کا پہلا لفظ یہ تھا کہ نیویارک کی بکنگ کرو، میں نے لاٹری جیت لی۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ جوڑا نیویارک میں اپنا ڈریم ٹرپ یا یادگار سفر منانے کے لیے پیسے جمع کر رہا تھا لیکن مسز بوجاپی کا کہنا ہے کہ یہ ہمیشہ ہی مشکل ہو جاتا اور کسی وجہ سے ’ہمارا پلان خراب ہو جاتا۔‘
انھوں نے کہا کہ اب ہمارے پاس پیسے ہیں، نیویارک جا سکتے اور اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔
ولڈیٹ نے بتایا کہ سب سے زیادہ حیران کن لمحہ یہ تھا کہ جب میں نے اپنے 12 سالہ بیٹے کو بتایا کہ ہم لاٹری جیت گئے ہیں تو اُسے یقین دلوانا ہی بہت مشکل تھا۔
’وہ سمجھ رہا تھا کہ ہم مذاق کر رہے ہیں اور پھر میں نے اسے لاٹری ایپ پر دکھایا تاکہ اسے ہماری جیت کا یقین آ جائے۔‘
نیویارک جانے کے علاوہ ولڈیٹ بوجاپی نے کہا کہ وہ لاٹری سے جیتی رقم سے کوسوو میں موجود اپنی والدہ کی زندگی آسان بنانے کے لیے بھی کچھ کرنا چاہتے ہیں۔
نیشنل لاٹری کے سینئیر مشیر اینڈی کارٹر کا کہنا ہے کہ ’یقینی طور پر کچھ زبردست اور یادگار لمحات اُن کے منتطر ہیں۔‘










