ماسکو حملے کے بعد روس سوگوار: صدر پوتن کا ردعمل کیا ہو سکتا ہے؟

ماسکو کے چاروں اطراف سکرینوں پر روسی لفظ Skorbim (ماتم یا سوگ) کے ساتھ جلتی ہوئی موم بتی کی تصاویر موجود ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنماسکو کے چاروں اطراف سکرینوں پر روسی لفظ Skorbim (ماتم یا سوگ) کے ساتھ جلتی ہوئی موم بتی کی تصاویر موجود ہیں
    • مصنف, سٹیو روزنبرگ
    • عہدہ, بی بی سی نیوز، روس

روس کے دارالحکومت ماسکو میں واقع نیو اربات ایونیو کی خاص بات یہ ہے کہ وہاں ملک کی سب سے بڑی ویڈیو سکرینز نصب ہیں تاہم آج ان تمام سکرینز پر ایک ہی دیوہیکل تصویر دکھائی جا رہی ہے۔ ایک جلتی ہوئی موم بتی اور روسی لفظ ’Skorbim‘، جس کا مطلب ماتم یا سوگوار ہونا ہے۔

روس بھر میں کروکس سٹی ہال میں حملے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کا سوگ منایا جا رہا ہے۔ ہلاکتوں کی حتمی تعداد ابھی معلوم نہیں اور لاشوں کی تلاش جاری ہے۔

ملک بھر میں روسی پرچم سرنگوں ہے جبکہ تفریح اور کھیلوں کی تمام تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ٹی وی پر خبریں پڑھنے والے سوگ میں سیاہ لباس پہنے ہوئے ہیں۔

ماسکو میں واقع کروکس سٹی ہال روس میں موسیقی کے پروگرامز کے لیے سب سے مشہور اور پسندیدہ مقامات میں سے ایک ہے۔

جمعے کے روز ہونے والے حملے نے اس معروف کنسرٹ ہال کو گویا جہنم میں بدل دیا۔ حملہ آوروں نے نہ صرف گولیوں سے حملہ کیا بلکہ انھوں نے عمارت کو بھی آگ لگا دی۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے جاری ویڈیو میں کانسرٹ ہال کی نہ صرف چھت گرنے کا منظر دکھایا گیا ہے بلکہ دھاتی شہتیر بھی گرتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

عمارت کے باہر پولیس بدستور موجود ہے۔ جہاں میں کھڑا ہوں، وہاں سے میں تفریحی کمپلیکس کے ایک جلے ہوئے حصے کو دیکھ سکتا ہوں جو اندر کی مکمل تباہی کا ایک اشارہ ہے۔

لوگ اس ظلم کے شکار افراد کے لیے بنائی گئی علامتی یادگار پر پھول چڑھانے کے لیے قطار میں کھڑے ہیں۔ خراج تحسین پیش کے لیے رکھے گئے پھولوں کا ڈھیر بلند ہوتا جا رہا ہے۔ یہاں صرف گلاب اور گلدستے ہی نہیں بلکہ لوگ پھولوں پر گڑیائیں اور کھلونے بھی رکھ رہے ہیں کیونکہ اس حملے میں مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

لوگ اپنے پیغامات بھی یہاں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ انھی میں ایک پیغام میں ایک حملہ آوروں سے مخاطب ہو کر کہا گیا ہے: ’تم قابل نفرت ہو، ہم تمہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔‘

ماسکو کے کروکس سٹی ہال میں ہلاک ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لوگوں نے پھول اور ٹیڈی بیئر چھوڑے
،تصویر کا کیپشنماسکو کے کروکس سٹی ہال میں ہلاک ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لوگوں نے پھول اور ٹیڈی بیئر رکھے ہیں
مواد پر جائیں
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

دوسری جانب شدت پسند تنظیم نام نہاد دولت اسلامیہ نے کروکس سٹی ہال میں بڑے پیمانے پر فائرنگ اور حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اس گروہ نے ہنگامہ آرائی میں شامل حملہ آوروں کی پریشان کن تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ امریکی حکام نے کہا ہے کہ ان کے پاس اس ذمہ داری کے دعوے پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔

یہاں بہت مختلف ردعمل بھی سامنے آ رہا ہے۔

روسی حکام اس سوچ کو پروان چڑھا رہے ہیں کہ کسی نہ کسی طریقے سے اس ظالمانہ حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ تھا۔

سنیچر کے روز ٹی وی پر اپنے خطاب میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دعویٰ کیا کہ چاروں مسلح افراد کو یوکرین فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انھوں نے الزام لگایا کہ ’ان کے لیے یوکرین کی جانب سے سرحد پار کرنے کے لیے ایک راستہ تیار کیا گیا تھا۔‘

تاہم یوکرین نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ اس نے کریملن کے حامی مبصرین کو یوکرینی تعلق کے دعوؤں کی بازگشت سے باز نہیں رکھا۔

اپنی ویب سائٹ پر حکومت کے حامی اخبار موسکووسے کومسومولیٹس (Moskovsky Komsomolets) نے یوکرین کے خلاف ’یوکرین کو دہشت گرد ریاست قرار دیا جانا چاہیے‘ کے عنوان سے مضمون چھاپا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ کیئو حکومت کو ختم کیا جائے۔ اس تمام گینگ کو مر جانا چاہیے۔ روس کے پاس ایسا کرنے کے وسائل موجود ہیں۔‘

ایک جو اہم سوال اٹھاتا ہے۔ وہ یہ بھی ہے کہ کریملن اس تباہ کن حملے پر کیا ردعمل ظاہر کرے گا؟ کیا روس کی قیادت یوکرین میں روس کی جنگ میں ممکنہ مزید اضافے کا جواز پیش کرنے کے لیے کروکس سٹی ہال میں جو کچھ ہوا اسے استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے؟