’چھٹی حِس‘ کے طفیل ایک ہی بار میں چھ مرتبہ لاٹری جیت لی: ’سب سے پہلے تو ایک موٹر سائیکل خریدوں گا‘

،تصویر کا ذریعہMASSACHUSETTS STATE LOTTERY
امریکہ کی ریاست میساچیوسٹس کے رہائشی اور ویتنام میں خدمات دینے والے ایک سابق فوجی دسمبر کی ایک سرد صبح شراب فروخت کرنے والے ایک سٹور میں داخل ہوئے۔
انھوں نے معمول کے مطابق وہی کیا جو وہ گزشتہ 20 برس سے کرتے آئے ہیں، یعنی لاٹری کا ٹکٹ لیا۔
لیکن اس صبح ان کی چھٹی حس نے انھیں بتایا کہ آج صرف ایک ٹکٹ نہیں خریدنا بلکہ چھ ٹکٹ لینے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی چھٹی حس نے یہ بھی بتایا کہ مختلف نمبروں والے ٹکٹ نہیں خریدنے، بلکہ چھ کے چھ ٹکٹ بالکل ایک ہی ہندسوں والے لینے ہیں۔
اور پھر وہی ہوا جو ان کا دل کہہ رہا تھا، یعنی ریمنڈ رابرٹس کی لاٹری نکل آئی اور انھوں نے ہر ٹکٹ پر تین لاکھ 90 ہزار ڈالر جیت لیے۔ ریمنڈ رابرٹس نے پانچ ٹکٹ تو کیش کروا لیے اور یوں ان کے اکاؤنٹ میں یکمشت تقریباً 20 لاکھ ڈالر آگئے۔
تاہم، انھوں نے اپنا چھٹا ٹکٹ کیش نہیں کروایا بلکہ تین لاکھ 90 ہزار کی یہ رقم انھوں نے ایک سکیم میں ڈال دی جس کے تحت انھیں اگلے 20 برس تک سالانہ 25 ہزار ڈالر ملیں گے۔
ریمنڈ رابرٹس نے جو لاٹری کھیلی اس میں اگر آپ درست نمبروں والے پانچ گیند چنتے ہیں تو آپ انعام کے حقدار ہو جاتے ہیں، یعنی ایک جیسے نمبروں سے بھی آپ کئی انعام جیت سکتے ہیں۔
رابرٹس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ان ہندسوں کا انتخاب بہت سوچ سمجھ کر کیا تھا، جن میں انھوں نے اپنے عزیزوں کی سالگرہ کی تاریخوں اور اپنے خاندان کی دیگر اہم سالانہ تاریخوں کے امتزاج سے ہندسے ترتیب دیے تھے۔ ریمنڈ اس سے پہلے بھی مختلف لاٹریوں میں یہی ہندسے استعمال کر چکے تھے، لیکن ان کے ہاتھ کچھ نہیں آیا تھا۔
ریمنڈ ’فال ریوور‘ نامی قصبے میں رہتے ہیں جو ریاست میساچیوسٹس کے صدر مقام بوسٹن سے 80 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ انھوں نے اپنی انعامی رقم 15 دسمبر کو وصول کر لی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تو اس غیر متوقع دولت سے وہ کیا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟
ریمنڈ رابرٹس کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے تو وہ ایک موٹر سائیکل خریدیں گے۔
انھوں نے جو لاٹری کھیلی اس کا نام ’لکی فار لائف‘ ہے اور ایک جیسے ہندسوں پر اتنے زیادہ انعام نکلنے کے بعد تو واقعی لوگ یہی کہیں گے کہ ریمنڈ ’تاحیات خوش قسمت‘ ہیں۔
اس لاٹری کے قوائد و ضوابط کو دیکھا جائے تو کسی شخص کے سالانہ 25 ہزار ڈالر والا انعام جیتنے کا امکان 1813028 میں سے ایک ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق امریکہ میں لاٹری پر سب سے زیادہ فی کس رقم میساچیوسٹس کے رہائشی لگاتے ہیں اور وہاں ہر دوسرا شحص لاٹری کے ٹکٹ کھرچ کھرچ کے دیکھ رہا ہوتا ہے کہ اس مرتبہ انعام نکلا یا نہیں۔









