آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
راکھی ساونت کا میکا سنگھ پر ہراسانی کا الزام جس کی تلافی کے لیے انھیں 17 برس لگ گئے
- مصنف, نصرت جہاں
- عہدہ, بی بی سی اردو لندن
ممبئی ہائی کورٹ نے گلوکار میکا سنگھ کے خلاف اداکارہ راکھی ساونت کا مبینہ طور پر زبردستی بوسہ لینے کا مقدمہ ختم کر دیا ہے۔
دراصل یہ واقعہ سنہ 2006 کا تھا جب میکا سنگھ نے اپنی سالگرہ کی پارٹی میں مبینہ طور پر راکھی کو زبردستی بوسہ دینے کی کوشش کی تھی۔
اس واقعہ کے بعد راکھی نے میکا کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی اور میکا کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ جن میں دفعہ 354 یعنی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور دفعہ 323 یعنی حملہ کرنا شامل ہے۔ میکا سنگھ کو ان دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا تھا تاہم بعد میں وہ ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔
اب اس مقدمے میں راکھی ساونت نے ایک حلف نامہ داخل کیا ہے کہ میکا اور ان کا یہ معاملہ مفاہمت سے حل کر لیا گیا ہے۔
سنہ 2006 میں سامنے آنے والا میکا اور راکھی کا یہ تنازع میڈیا میں بڑی خبر بن گیا تھا اور ایک انٹرویو میں راکھی نے کہا تھا کہ اس واقعہ کے بعد ان کی ماں نے کہا تھا کہ ’تو پیدا ہوتے ہی مر کیوں نہ گئی۔‘
اپنے حلف نامے میں راکھی نے یہ بھی کہا ہے کہ میکا اور ان کا معاملہ کچھ غلط فہمیوں اور بد گمانیوں کا نتیجہ تھا اور اب اس معاملے کو میکا اور انھوں نے آپس میں مل کر حل کر لیا ہے لیکن راکھی ساونت کو یہ مبینہ تاریخی بوسہ میکا سنگھ کو کافی مہنگا پڑا اور اس کی تلافی کے لیے انھیں تقریباً سترہ سال لگ گئے۔
اداکارہ تاپسی پنوں نے حال ہی میں بالی ووڈ میں مبینہ طور پر موجود کیمپ اور پاور پلے کی بات کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ ہمیشہ ہی اس بات کے لیے تیار تھیں کہ انڈسٹری میں وہ ناانصافی اور جانبداری کا شکار ہو سکتی ہیں۔ حال ہی میں پرینکا چوپڑہ نے بھی بالی ووڈ میں کیمپ بازی کا اشارہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بالی ووڈ کا تاریک پہلو ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاپسی پنوں جنھوں نے حال ہی میں انڈسٹری میں اپنے دس سال مکمل کر لیے ہیں پرینکا کی زبان بولتی نظر آئیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی اور کی بات کو آگے نہیں بڑھا رہیں کیونکہ ان کا اپنا ذہن اور ذاتی نظریہ ہے۔
روزنامہ ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے تاپسی نے کہا کہ بالی ووڈ کیمپس کے بارے میں ہر کوئی جانتا ہے کیونکہ یہ ہمیشہ سے موجود ہیں۔
’چاہے یہ دوستوں کا کیمپ ہو ایجنسیوں کا یا پھر وفاداریوں کا لیکن یہ موجود ضرور ہے۔‘
تاپسی کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنے دل میں کوئی بغض نہیں رکھتیں کیونکہ انھیں لگتا ہے کہ ہر کسی کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جس کے ساتھ چاہے کام کرے یا نہ کرے۔
تاپسی نے اتنا ضرور تسلیم کیا کہ ان حالات میں انڈسٹری کے باہر سے آنے والے لوگوں کو بہت زیادہ جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔
تاپسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بالی ووڈ ہی کیوں ہر پروفیشن میں کیمپ اور اقربا پروری ہوتی ہے۔
بالی ووڈ میں خواہ کتنے ہی کیمپ یا اقربا پروری ہو لیکن باہر سے آنے والے بے شمار باصلاحیت لوگوں نے اسی انڈسٹری میں اپنا ایک خاص مقام بنایا ہے جس کی ایک بڑی مثال شاہ رخ خان ہیں اور تاپسی بھی اس کی ایک تازہ مثال کہی جا سکتی ہیں۔
دوسری جانب بالی ووڈ کو جھولیاں بھر بھر کر کوسنے والی کنگنا رناوت ہمیشہ دوسرے فلمسازوں یا فلم سٹارز کے بارے میں کسی نہ کسی طرح کے بیانات دیتی رہی ہیں لیکن اس بار کنگنا اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرتی نظر آئیں۔
خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کنگنا نے کہا کہ وہ شادی کرنا چاہتی ہیں اور اپنی فیملی شروع کرنا چاہتی ہیں لیکن یہ سب اپنے وقت پر ہو گا۔
گذشتہ سال صحافی سدھارتھ کھنہ کے ساتھ انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اصل زندگی میں بھی وہ لڑاکا ہیں تو کنگنا نے کہا کہ ایسا نہیں ہے حقیقی زندگی میں کیا میں کسی کے ساتھ مارپیٹ کروں گی آپ جیسے لوگ افواہیں پھیلاتے ہیں اسی لیے میری شادی نہیں ہو رہی۔
سنہ 2021 میں ٹائمز ناؤ کے ساتھ بات کرتے ہوئے انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’اگلے پانچ سالوں میں میں خود کو شادی شدہ اور ایک ماں کے روپ میں دیکھنا چاہتی ہوں۔‘
ویسے آج کل کنگنا کا فلمی کریئر بھی کچھ زیادہ دھماکے دار نہیں ہے اور ان کی کچھ فلمیں فلاپ رہی ہیں اور ان کے مزاج اور بیانات کے سبب بالی ووڈ میں انھیں کچھ خاص کام بھی نہیں مل پا رہا۔ ہاں ان کے اپنے پروڈکشن کی فلم ٹیکو ویڈ شیرو کا پروموشن ضرور چل رہا ہے۔
نواز الدین صدیقی اور اونیت کور کی یہ فلم 23 جون کو پرائم ویڈیو پر رلیز ہونے والی ہے۔
خود کنگنا آپ کو فلم ’ایمرجنسی‘ میں انڈیا کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے کردار میں نظر آئیں گے۔