’میرے فون کے ساتھ بہت برا ہوا‘: جب خاتون اپنے موبائل کی تلاش میں منہ کے بل گہرے شگاف میں جا گریں اور سات گھنٹے تک پھنسی رہیں

،تصویر کا ذریعہNSW Ambulance
آسٹریلیا میں ایک خاتون کو ہائیکنگ کے دوران گرنے والے اپنے موبائل فون کو اٹھانے کی کوشش اتنی مہنگی پڑ گئی کہ انھیں دو چٹانوں کے بیچ گہرے شگاف میں کئی گھنٹے گزارنے پڑے اور سات گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد ہی وہ اس کھائی سے باہر نکل پائیں۔
یہ واقعہ چند روز پہلے کا ہے جب میٹلڈا نیو ساؤتھ ویلز کے علاقے ہنٹر ویلی میں ہائیکنگ کر رہی تھیں تو ان کا موبائل شگاف میں گر گیا۔
اپنا موبائل نکالنے کی کوشش میں ان کا پاؤں پھسلا اور وہ منہ کے بل تین میٹر گہرے شگاف میں گر گئیں اور یوں میٹلڈا کی آزمائش کا آغاز ہوا اور وہ لگ بھگ سات گھنٹے تک اس شگاف میں پھنسی رہیں۔
میٹلڈا کو بچانے کے لیے کیا جانے والا ریسکیو آپریشن چیلینجز سے بھرپور رہا جس میں چٹان کے کئی پتھروں کو کاٹ کے ہٹانا پڑا۔
اس مشکل ترین ریسکیو آپریشن میں وہ تو بچ گئیں مگر ان کا فون نہ مل سکا۔

،تصویر کا ذریعہNSW Ambulance
500 کلوگرام کی چٹان کو درمیان سے ہٹانے کے بعد بھی ان کے سامنے یہ چیلنج تھا کہ متاثرہ خاتون کو باہر کیسے نکالا جائے۔
نیو ساؤتھ ویلز ایمبولینس سروس کے ایک اہلکار پیٹر واٹس نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں اس سے متعلق تجربات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’بطور ریسکیو اہلکار مجھے کبھی بھی اس طرح کے چیلینج کا سامنا نہیں رہا لیکن ساتھ ہی ساتھ یہ مشکل ٹاسک ناقابل یقین حد تک فائدہ مند رہا۔‘
امدادی کارکنوں کے پہنچنے سے پہلے تک وہ ایک گھنٹے سے زیادہ تک وہاں منہ کے بل گری رہی تھیں اور اس دوران ان کے دوستوں نے انھیں نکالنے کی کوششیں تو کیں لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایمبولینس سروس کی طرف سے جاری کی گئی تصاویر میں وہ اپنے پیروں کے بل پتھروں کے درمیان لٹکتی دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ دیگر تصاویر میں اس مقام کو چوڑا کرنے کی پیچیدہ کوششوں کو بھی دکھایا گیا۔
ایمرجنسی سروسز کو انھیں نکالنے کے لیے کافی بڑا خلا پیدا کرنے کی ضرورت پیش آئی۔

،تصویر کا ذریعہNSW Ambulance
’میرا فون۔۔۔ اس کے ساتھ بہت برا ہوا‘
اس ریسکیو آپریشن کے بعد پیٹر واٹس نے آسٹریلیا کے اے بی سی چینل کو انٹرویو میں نوجوان خاتون کی ہمت کو سراہتے ہوئے انھیں ’فوجی‘ قرار دیا۔
’ہم سب یہ سوچ رہے تھے کہ وہاں کیسے اتریں یا ہم انھیں کیسے نکالیں گے؟‘
ریسکیو ٹیم کے مطابق حیرت انگیز طور پرمتاثرہ خاتون کو صرف معمولی زخم اور چند خراشیں ہی آئی تھیں۔
گھنٹوں کے اس مشکل آپریشن کے بعد میٹلڈا تو بازیاب ہو گئیں تاہم وہ اپنا فون نہیں نکال پائیں۔
میٹلڈا نے اپنے سوشل میڈیا پر ریسکیو ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے بچانے والی ٹیم کا شکریہ آپ لوگ حقیقتاً مجھے دوسری زندگی دینے والے ہیں۔‘
’اور میرا فون۔۔۔ اس کے ساتھ تو بہت برا ہوا۔‘












