گیتیکا سریواستو: انڈیا کی پہلی خاتون سفارتکار جو پاکستان میں ’چارج ڈی افیئر‘ ہوں گی

گیتیکا سریواستو

،تصویر کا ذریعہ@GITIKASRIVASTAV

،تصویر کا کیپشنتقسیم ہند کے بعد یہ پہلی بار ہے جب انڈیا نے پاکستان میں اپنے ہائی کمیشن کی سربراہی کسی خاتون کے سپرد کی ہے

انڈیا نے انڈین فارن سروس 2005 کی آفیسر گیتیکا سریواستو کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کی چارج ڈی افیئرز تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تقسیم ہند کے بعد یہ پہلی بار ہے جب انڈیا نے پاکستان میں اپنے ہائی کمیشن کی سربراہی کسی خاتون کے سپرد کی ہے۔

گیتیکا سریواستو پاکستان میں تعینات اپنے ہم منصب ڈاکٹر ایم سریش کمار کی جگہ لیں گی۔

اس وقت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات محدود ہیں اور دونوں ممالک کے ہائی کمیشن میں اس وقت کوئی ہائی کمشنر تعینات نہیں ہے اور ہائی کمیشن کی ذمہ داری چارج ڈی افیئرز(سی ڈی اے) کو دی گئی ہے جس کا عہدہ جوائنٹ سیکرٹری کے برابر ہے۔

گیتیکا سریواستو اب تک وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

پاکستان میں انڈیا کے آخری ہائی کمشنر اجے بساریہ تھے تاہم 2019 میں جب انڈیا نے اپنے زیر انتظام کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کیا تو پاکستان نے انھیں واپس انڈیا بھیج دیا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس سے قبل بھی خواتین سفارت کاروں کی تعیناتی ہوتی رہی ہے لیکن انھیں سربراہی(کمانڈ) نہیں دی گئی۔ امکان ہے کہ گیتیکا عنقریب اسلام آباد میں ذمہ داریاں سنبھال لیں گی۔

دوسری جانب پاکستان نے بھی نئی دہلی میں اپنا نیا چارج ڈی افیئر تعینات کر دیا ہے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کے مشن میں پاکستان کے سفارت کار کے طور پر کام کرنے والے سعد احمد وڑائچ کو دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

سعد احمد نے سلمان شریف کی جگہ لی ہے جو گزشتہ ماہ ہی اسلام آباد واپس لوٹ آئے تھے۔

گیتیکا سریواستو

،تصویر کا ذریعہ@GITIKASRIVASTAV

،تصویر کا کیپشنگیتیکا سریواستو اب تک وزارت خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر کام کر رہی تھیں۔

چارج ڈی افیئرز (سی ڈی اے) کا کردار کیا ہے؟

ویانا کنونشن کے سفارتی تعلقات کے مطابق سی ڈی اے دو ممالک کے درمیان ایک کم سطح کا سفارتی تعلق ہے۔

کسی بھی ملک میں سفیر کی غیر موجودگی میں سی ڈی اے ذمہ داریاں سنبھالتا ہے۔

مثال کے طور پر اس وقت نہ انڈیا کا سفیر پاکستان میں ہے اور نہ ہی پاکستان کا سفیر انڈیا میں تعینات ہے۔

دو ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں تناؤ کی کیفیت ہو تو سی ڈی اے کا تقرر کیا جاتا ہے۔

گیتیکا سریواستو کون ہیں

گیتیکا انڈین فارن سروس کی آفیسر ہیں اور اس وقت انڈیا کی وزارت خارجہ میں جوائنٹ سیکریٹری کے طور پر فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گیتیکا نے غیر ملکی زبان سیکھنے کی تربیت میں چینی زبان مینڈارن سیکھی تھی۔

2007 سے 2009 کے درمیان گیتیکا سریواستو نے بیجنگ میں انڈین سفارت خانے میں جونیئر سفارت کار کے طور پر کام کیا۔

گیتیکا کولکتہ میں واقع ریجنل پاسپورٹ آفس میں بھی خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ گیتیکا سریواستو وزارت خارجہ میں بحر ہند کے علاقائی ڈویژن میں ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔

گیتیکا سریواستو انڈو پیسیفک ریجن ڈویژن کی انچارج ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا یہ یونٹ آسیان، انڈین اوشن رم ایسوسی ایشن((AORA، فورم فار انڈیا پیشیفک آئرلینڈ کارپوریشن(FIPIC) انڈو پیسیفک خطے میں دیگر اداروں کی نگہداشت کرتا ہے۔