ٹائیٹینک سے پانچ گنا بڑا اور دو ارب ڈالر کی لاگت سے بننے والا دنیا کا سب سے بڑا بحری جہاز اندر سے کیسا ہے؟
دنیا کا سب سے بڑا کروز شپ امریکہ کی ریاست فلوریڈا سے اپنے پہلے سفر پر روانہ ہوا ہے، لیکن 365 میٹر (1198 فٹ) لمبے اس بحری جہاز کے ماحول پر اثرات سے متعلق خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
’آئیکون آف دی سیز‘ نامی جہاز رائل کیریبین گروپ کی ملکیت ہے اور پر 7600 مسافروں کو سوار کرنے کی گنجائش ہے۔
اپنے پہلے سفر پر یہ بحری جہاز کیریبیئن میں سات روزہ سفر پر جا رہا ہے۔ ماہرین ماحولیات نے متنبہ کیا ہے کہ ایل این جی سے چلنے والے اس جہاز سے فضا میں نقصان دہ میتھین گیس کا اخراج ہو گا۔
فن لینڈ کے شہر ترکو کے ایک شپ یارڈ میں تعمیر کیے گئے اس جہاز میں سات سوئمنگ پول اور چھ واٹر سلائیڈز ہیں۔ اس کی تعمیر پر 2 ارب ڈالر لاگت آئی جبکہ اس میں مہمانوں کی تواضع کے لیے 40 سے زیادہ ریستوران، بارز اور لاؤنج بھی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ایل این جی روایتی ایندھن (جیسا کہ پیٹرول، ڈیزل) کے مقابلے میں زیادہ صاف طور پر جلتی ہے۔ میتھین گیس کاربن ڈائی آکسائیڈ سے کہیں زیادہ طاقتور گرین ہاؤس گیس ہے۔ انٹرنیشنل کونسل آن کلین ٹرانسپورٹیشن (آئی سی سی ٹی) کے میرین پروگرام کے ڈائریکٹر برائن کومر کا کہنا ہے کہ ’یہ غلط سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’ہمارا اندازہ ہے کہ سمندری ایندھن کے طور پر ایل این جی کا استعمال تیل کے مقابلے میں 120 فیصد زیادہ گرین ہاؤس گیسوں (زہریلی اور مضر صحت گیسوں) کا اخراج کرتا ہے۔‘
رواں ہفتے کے اوائل میں آئی سی سی ٹی نے ایک رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ایل این جی ایندھن سے چلنے والے جہازوں سے میتھین کا اخراج موجودہ قواعد و ضوابط سے کہیں زیادہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا ذریعہGetty Images
میتھین ایک طاقتور گرین ہاؤس گیس ہے جو 20 سالوں میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مقابلے میں 80 گنا زیادہ حدت پیدا کرتی ہے۔ عالمی حدت کی رفتار کو سست کرنے کے لیے اس گیس کے اخراج کو کم کرنے کو اہم سمجھا جاتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رائل کیریبین کا کہنا ہے کہ آئیکون آف دی سیز جدید جہازوں کے لیے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کی حد سے 24 فیصد زیادہ توانائی کی بچت کرتا ہے۔
کمپنی 2035 تک نیٹ زیرو جہاز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کروز لائنز انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے مطابق کروز انڈسٹری سیاحت کے تیزی سے بڑھتے ہوئے شعبوں میں سے ایک ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کروز انڈسٹری نے 2021 میں عالمی معیشت میں 75 ارب ڈالر کا حصہ ڈالا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
عالمی شہرت یافتہ فٹ بال کھلاڑی لیونل میسی نے، جو اس وقت انٹر میامی کی جانب سے کھیلتے ہیں، جہاز کے نام رکھنے کی تقریب میں شرکت کی۔ انھیں خاص طور پر بنائے گئے سٹینڈ پر فٹ بال رکھتے ہوئے دیکھا گیا تاکہ جہاز کے کمان پر شیمپین کی بوتل توڑنے کی روایتی ’خوش قسمتی‘ کو متحرک کیا جا سکے۔
اس جہاز سے متعلق اہم حقائق
آئیکون آف دی سیز دنیا کا سب سے بڑا کروز جہاز ہے جس کا وزن 250800 ٹن ہے۔ اس کی لمبائی تقریبا 365 میٹر (1198 فٹ) ہے۔ یہ اپنے حجم میں ٹائٹینک سے پانچ گنا بڑا ہے اور اس جہاز کی تیاری پر رائل کیریبین انٹرنیشنل کو 1.79 ارب ڈالرکی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی تھی۔
رائل کیریبین کی ویب سائٹ کے مطابق مسافروں اور سیاحوں کے لیے اس جہاز کی ٹکٹ کی قیمت 1,723 ڈالر سے لے کر 2,639 ڈالر فی کس تک ہے۔ کروز اپنے پہلے سفر کے دوران امریکی جزائر ورجن میں سینٹ کٹس اینڈ نیویس اور شارلٹ امالی میں رُکے گا۔











