ہانگ کانگ کی آزادی کے حامیوں کو چین کی تنبیہ

چین سے آزادی کے حامی 30 امیدواروں نے ہانگ کانگ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے

،تصویر کا ذریعہ ISAAC LAWRENCE AFP Getty Images

،تصویر کا کیپشنچین سے آزادی کے حامی 30 امیدواروں نے ہانگ کانگ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے

چین کی حکومت نے ہانگ کانگ کی آزادی کی بات کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ انھیں ایسا کرنے پر سزائیں سنائی جا سکتی ہیں۔

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے چین کی حکومت کی طرف سے یہ تنبیہ ہانگ کانگ کی قانون ساز کونسل میں جمہوریت پسند نوجوانوں کے منتخب ہونے کے بعد جاری کی گئی ہے۔

چین کی حکومت نے ایک مرتبہ پھر ہانگ کانگ کی علیحدگی کی سوچ سے ہانگ کانگ کی کونسل کے اندر اور اس قانون ساز ادارے کے باہر سختی سے نمٹنے کے اپنے موقف کا اعادہ کیا ہے۔

ہانگ کانگ میں اکثر لوگ بیجنگ کی طرف سے ہانگ کانگ کی اندرونی سیاست میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

ہانگ کانگ کے قانون ساز ادارے کے لیے گذشتہ اتوار کو ہونے والے انتخابات میں 30 جمہوریت پسند نوجوان امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ستر رکنی ایوان میں اس سے قبل 27 نمائندے ایسے تھے جو جمہوری آزادیوں کے حامی تھے۔

کونسل میں 30 جمہوریت نواز نمائندوں کے منتخب ہونے سے عددی طور پر انھیں یہ صلاحیت حاصل ہو گئی ہے کہ وہ کسی بھی آئینی ترمیم کی منظوری کو ویٹو یا روک سکتے ہیں۔

منتخب اراکین میں کم از کم چھ ایسے نمائندے شامل ہیں جو ہانگ کانگ کے حق خودارادیت کے حامی ہیں۔

ان میں 23 سالہ ناتھن لا بھی شامل ہیں جنھوں نے سنہ 2014 میں ’چھتری احتجاج‘ کے نام سے شروع ہونے والی تحریک میں بڑا اہم کردار ادا کیا تھا۔ وہ ’ڈومنسٹو پارٹی‘ کے شریک بانی بھی ہیں۔

ان انتخابات میں بہت سے امیدواروں کو انتخابات میں حصہ لینے سے اس لیے نااہل قرار دے دیا گیا تھا کہ وہ ہانگ کانگ کی آزادی کے بارے میں اپنی سوچ میں تبدیلی کو ثابت کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔

چینی کی حکومت ہانگ کانگ کو مزید سیاسی اور جمہوری آزادیاں دینے کی سوچ کی سخت مخالف ہے۔

ہانگ کانگ میں سنہ 2014 کے عوامی احتجاج کے بعد اتوار کو انتخابات ہوئے ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC Chinese

،تصویر کا کیپشنہانگ کانگ میں سنہ 2014 کے عوامی احتجاج کے بعد اتوار کو انتخابات ہوئے ہیں

چین کے ہانگ کانگ اور ماکاو امور کے دفتر سے جاری ہونے والے ا یک بیان میں کہا گیا کہ انتخابی مہم میں کچھ امیدوار کھلم کھلا آزادی کی بات کرتے رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ چین کی حکومت ہانگ کانگ کے ’خصوصی انتظامی خطے‘ کی قانونی حیثیت پر سختی سے کاربند ہے اور حکومت قانون کے مطابق اس کی مخالفت کرنے والوں کو سزائیں دے سکتی ہے۔

ہانگ کانگ کو چین کے خصوصی انتظامی خطے یا ’ایس آر اے‘ کی حیثیت حاصل ہے اور اسے ایک ملک دو نظام کے اصول کے تحت چلایا جاتا ہے۔

اس اصول کے تحت سابق برطانوی کالونی کوسنہ 2047 تک بڑی حد تک اپنی معیشت اور سماجی نظام کے بارے میں خود مختاری حاصل ہے۔

اتوار کو ہونے والے انتخابات سنہ 2014 کے عوامی احتجاج کے بعد پہلے الیکشن ہیں۔ سنہ 2014 کے احتجاج کئی ہفتوں تک جاری رہے تھے اور ہانگ کانگ کی آزادی کے حامیوں نے ہانگ کانگ کے مرکزی علاقوں کو مکمل طور پر بند رکھا تھا۔