شامی فوج کی حلب میں باغیوں کے خلاف کارروائی

،تصویر کا ذریعہAFP
شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے حلب شہر میں ان علاقوں کا کنٹرول واپس لینے کے لیے کارروائی شروع کی ہے جن پر گذشتہ ماہ باغیوں نے قبضہ کر لیا تھا۔
شامی سکیورٹی فورسز کو حلب میں شروع کی جانے والی اس نئی کارروائی میں فضائی مدد بھی حاصل ہے۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق شہر کے جنوب میں سکیورٹی فورسز نے دو فوجی تربیتی مراکز پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
برطانیہ سے شام کی صورتحال پر نظر رکھنی والی غیر سرکاری تنظیم سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے ایک فوجی تربیتی مرکز اور ایئر فورس کے ٹیکنیکل کالج کو باغیوں سے واپس لینے کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری ٹی وی چینل ثنا نے کہا ہے کہ سرکاری افواج ان علاقوں میں پیش قدمی کر رہی ہیں جہاں سے شہر کا محاصرہ مکمل ہو جائے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی کے لیے روس اور امریکہ ایک معاہدے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی صدر اوباما نے چین میں جی ٹوئنٹی اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ’ ہم جن دو پارٹیوں کی حمایت کرتے ہیں، اس کے حوالے سے روس سے بڑے اختلافات ہیں اور اس کے علاوہ شام میں امن واپس لانے کے طریقۃ کار پر اختلافات ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ شام میں جاری خانہ جنگی میں امریکہ باغیوں کی حمایت کرتاچلا آیا ہے جبکہ صدر بشارالاسد کو روس کی حمایت حاصل ہے۔







