’برطانوی عوام نے اپنا ملک واپس حاصل کر لیا‘

،تصویر کا ذریعہPA
امریکہ کی ریپبلکن جماعت کی جانب سے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ زبردست بات ہے کہ برطانوی عوام نے یورپی یونین سے اخراج کے حق میں ووٹ دے کر اپنا ملک واپس حاصل کر لیا ہے۔
سکاٹ لینڈ کے علاقے آئرشائر میں واقع ٹرمپ ٹرنبیری ہوٹل اور گالف کورس کے افتتاح کے موقعے پر ریفرینڈم کے نتائج کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ’ جو ہوا وہ زبردست بات ہے، یہ تاریخی اور حیرت انگیز ووٹ ہے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں لوگ ناراض ہیں، وہ اپنی سرحدوں پر ناراض ہیں، وہ اس بات پر ناراض ہیں کہ لوگ ان کے ملک میں آ رہے ہیں اور اس پر قبضہ کر رہے ہیں اور ان کے بارے میں کوئی نہیں جانتا کہ یہ کون ہیں۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ’ وہ برطانیہ، امریکہ اور دیگر کئی جگہوں پر بہت ساری چیزوں پر ناراض ہیں اور یہ آخری چیز نہیں ہونی چاہیے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانوی ریفرینڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی میں اختلاف رائے ختم ہو جائے گی کیونکہ یہ ایک زبردست جگہ ہے۔ میں نے کہا تھا کہ یہ ہونے جا رہا اور میرے خیال میں یہ اچھی بات ہے۔ کیونکہ بنیادی طور پر انھوں نے اپنا وطن واپس لیا ہے اور یہ ایک زبردست بات ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
ڈونلڈ ٹرمپ سے جب برطانوی وزیراعظم کے مستعفی ہونے کے فیصلے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ’ یہ بہت برا ہوا۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈونلڈ ٹرمپ نے دو سال پہلے دبئی میں قائم ایک کمپنی سے گالف کورس اور ہوٹل خریدا تھا اور اس کی آرائش پر بیس کروڑ پاؤنڈ خرچ کرنے کے بعد جمعے کو اس کا افتتاح کیا۔ ٹرمپ نے یہ جائیدار خریدنے کے بعد اس کو ٹرنبیری گالف کورس اور ہوٹل کا نام دیا ہے۔
ٹرمپ کی سکاٹ لینڈ آمد سے پہلے پانچ لاکھ افراد نے ایک آن لائن پٹیشن پر دستخط کیے تھے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ ٹرمپ کی برطانیہ میں آمد پر پابندی عائد کرے۔
گالف کورس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد سے پہلے اس کے باہر درجنوں افراد نے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور’نسل پرستی قبول نہیں‘ کے نعرے لگائے۔







