آسٹریلیا: ’شارک کے حملے‘ سے 60 سالہ خاتون ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
آسٹریلیا کے مغربی ساحل پر ایک 60 سالہ خاتون بظاہر شارک کے حملے میں ہلاک ہوگئی ہیں، یہ گذشتہ چھ روز میں پیش آنے والا دوسرا ایسا واقعہ ہے۔
پولیس کے مطابق وہ خاتون پرتھ کے ساحل پر تیراکی کر رہی تھیں اور انھیں ’شارک کے حملے سے جیسے‘ زخم آئے۔
ان کی مدد کے لیے آنے والے کشتی کے عملے کا کہنا تھا کہ اس شارک کی لمبائی ان کی تقریباً 18 فٹ لمبی کشتی سے زیادہ تھی۔
گذشتہ دنوں پرتھ کے جنوب میں شارک کے حملے میں ایک 29 سالہ شخص کی ہلاکت ہوئی تھی۔
ایک 43 سالہ شخص جو اس خاتون کے ساتھ تیراکی کر رہا تھا اس نے پولیس کو بتایا کہ اسے محسوس ہوا کہ کوئی چیز ان کے قریب سے گزری ہے اور جب وہ پانی کی سطح کے اوپر آئے تو انھوں نے ’پانی میں افراتقری‘ دیکھی۔
پولیس انسپیکٹر ڈینی ملیگن نے بتایا کہ کہ جب کشتی آئی تو وہ مرد تیراک اور شارک کے درمیان رک گئی جس سے وہ اپنی کشتی میں سوار ہوسکے۔ پھر انھوں نے دیکھا کہ خاتون کو ’جان لیوا زخم آئے ہوئے ہیں۔‘
سرف لائف سیونگ ویسٹرن آسٹریلیا اس مبینہ حملے سے 20 منٹ قبل منڈری کے ساحل سے ایک کلومیٹر فاصلے پر شارک کی موجودگی کے بارے میں ٹویٹ کیا تھا۔
اس واقعے کے بعد علاقے کو شہریوں کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







