برطانیہ میں انتخابات کا دن، پولنگ کا آغاز

،تصویر کا ذریعہPA

برطانیہ میں رائے دہندگان ملک بھر میں ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں جمعرات کو ووٹ ڈال رہے ہیں۔

ان الیکشنز میں ووٹر سکاٹ لینڈ کی پارلیمان، ویلز کی قومی اسمبلی، شمالی آئرلینڈ کی اسمبلی اور انگلینڈ کی 124 کونسلوں کے ارکان کا انتخاب کرنے والے ہیں۔

مقامی حکومتوں کے انتخابات میں لندن، برسٹل، لیورپول اور سیلفرڈ میں نئے میئر منتخب کیے جائیں گے جبکہ اوگمور اور شیفیلڈ برائٹ سائیڈ میں ضمنی انتخاب ہو رہا ہے۔

اس کے علاوہ انگلینڈ اور ویلز میں پولیس اور کرائم کمشنرز کا انتخاب بھی جمعرات کو ہی ہو رہا ہے۔

ان انتخابات کے لیے پولنگ برطانوی وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوئی ہے اور رات دس بجے تک جاری رہے گی۔

برطانیہ میں جمعرات کو ہونے والے یہ انتخابات سنہ 2020 میں ہونے والے عام انتخابات سے پہلے سیاسی رائے کا بڑا امتحان ہیں۔

برطانوی کونسلوں میںئ جن میں میٹرو پولیٹن اور ضلعی کونسلیں بھی شامل ہیں، کل 2,747 نشستوں پر انتخاب ہوگا۔

لندن میں ووٹر دی گریٹر لندن اسمبلی کے علاوہ لندن کے میئر بورس جانسن کے جانشین کو بھی منتخب کرنے والے ہیں اور اس عہدے کے لیے پاکستانی نژاد صادق خان اور زیک گولڈ سمتھ مدِمقابل ہیں۔

اوگمور، شیفیلڈ برائٹ سائیڈ اور ہیلزبرو کے حلقوں میں ہونے والے ضمنمی انتخابات میں نئے رکنِ پارلیمان کو منتخب کیا جائے گا۔

رائے دہندگان انگلینڈ اور ویلز کے 40 پولیس فورس علاقوں جن میں لندن اور مانچسٹر شامل نہیں میں پولیس اور کرائم کمشنر کو منتخب کریں گے۔

مقامی حکومتوں کے انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جمعہ کو سارا دن جاری رہے گا جس کے بعد متعدد نتائج کا اعلان کیا جائے گا تاہم کچھ انگلش کونسلوں کے نتائج کا اعلان سنیچر کو کیا جائے گا۔