روس کےمعروف صحافی کی پراسرار موت

،تصویر کا ذریعہGetty
روس کے معروف صحافی دیمتری تسالکن سینٹ پیٹرز برگ میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے ہیں۔
54 سالہ تسالکن جمعرات کی شام کو اس وقت مردہ پائے گئے جب ان کے دوست اور خاندان کے افراد ان کے ساتھ رابطے میں ناکام رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تسالکن کے فلیٹ سے ان کا موبائل فون اور کمپیوٹر غائب ہے۔
پولیس نے تسالکن کے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ دیمتری تسالکن ٹی وی، ریڈیو اور پرنٹ میڈیا کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دیمتری تسالکن لٹویا کے دارالحکومت ریگا سے حال ہی میں واپس آئے تھے۔
دیمتری تسالکن کے دوستوں اور خاندان کے دیگر افراد نے گذشتہ ہفتے ان سے بات کی تھی۔
روس کے معروف صحافی کے جسم پر چاقو کے متعدد نشان موجود تھے اور یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید انھیں دو روز قبل کیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روس کی تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ دیمتری تسالکن کے قتل کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تحقیقاتی کمیٹی نے ’قتل کی وجوہات میں گھریلو بنیادوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا ہے۔‘
سینٹ پیٹرز برگ کی یونین آف جرنلٹس کی خاتون چیئر مین نے دیمتری تسالکن کے قتل کو صحافیوں کے لیے ایک بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا ’ دیمتری تسالکن ایک معروف صحافی تھے اور وہ ثقافت اور آرٹ کے موضوعات پر بھی لکھتے تھے۔‘
دیمتری تسالکن متعدد ٹی وی اور ریڈیو کے لیے متعدد پروگرامز کرتے تھے۔ اس کے علاوہ دیگر اخبارات اور میگزیز کے لیے بھی کام کرتے تھے۔







