’شامی بھی پیرس والوں کی طرح معصوم ہیں‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

پیرس میں حملوں کے بعد فرانس نے شام میں اپنے آپ کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی تنظیم کے مختلف ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں ٹوئٹر پر شام کے لیے دعاؤں کا ٹرینڈ شروع ہو گیا ہے۔

اس ٹرینڈ میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد شام میں تشدد کے مختلف واقعات، حملوں، دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک، زخمی اور بے گھر ہونے والے افراد خصوصاً بچوں کی تصاویر شیئر کی جا رہی ہیں۔

<link type="page"><caption> ’پیرس ہی نہیں انسانیت کے لیے دعا کریں‘</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/world/2015/11/151114_social_media_on_paris_attack_rwa.shtml" platform="highweb"/></link>

ذیل میں چند ایسی ٹویٹس نمونے کے طور پر پیش کی جا رہی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTwitter

’معصوم بچے بغیر کسی جرم کے قتل ہو رہے ہیں، انصاف کہاں ہے؟ کیا مسلمانوں کا خون پانی ہے اور دوسروں کا خون سرخ؟‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

’اللہ اکبر کہہ کر لوگوں کی گردنیں کاٹنے سے یہ جائز نہیں ہو جائے گا۔ اسی طرح ہی جیسے بسم اللہ پڑھنے سے شراب جائز نہیں ہو جاتی۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

’معصوم لوگ اس طرح کے سلوک کے مستحق نہیں۔ ان قسم کے حملوں کے پیچھے کارفرما لوگوں کو صرف اس بنیاد پر کہ وہ کچھ ثابت کرنا چاہتے ہیں، دوسروں کی جانیں لینے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

شام کے لیے دعاؤں کے ہیش ٹیگ میں شیئر کی جانے والی تصاویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا: ’شام کے لیے دعاؤں کے ہیش ٹیگ میں شیئر کی جانے والی تصاویر میرے لیے اب تک دیکھی جانے والی تصاویر میں بدترین ہیں۔ ہم ایک ایسی دنیا میں کیسے رہ سکتے ہیں جس میں اس قسم کے مصائب اب بھی ہوتے ہیں؟‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

فرانس کی جانب سے شام پر فضائی حملوں پر تنقید کرتے ہوئے محمد الیاس خان نے لکھا: ’اگر حملہ آور فرانسیسی شہری تھے تو فرانس کو پہلے ان کی پناہ گاہوں پر بمباری کرنی چاہیے۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter

’شام کے شہریوں کو مارا نہیں جانا چاہیے۔ وہ معصوم ہیں اسی طرح جس طرح پیرس میں حملوں کا شکار ہونے والے ہیں۔‘

دوسری جانب فیس بُک کو پیرس حملوں کے بعد اپنی ویب سائٹ پر ایک ’سیفٹی چیک‘ فیچر شروع کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر اعتراض کرنے والے لکھتے ہیں کہ ایسا بیروت کے بارے میں کیوں نہیں کیا گیا جہاں ایک دن قبل ہی دھماکوں میں چالیس کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

فیس بُک پر امتیاز برتنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں کہ ’اپنے اقدمات سے فیس بک نے یہ ظاہر کیا ہے کہ مغربی متاثرین کی جانوں کو مشرق وسطیٰ کے متاثرین سے زیادہ ترجیح ملنی چاہیے۔‘

لبنان کے ایک بلاگر جوئی ایوب نے سوشل میڈیا پر لکھا: ’دو بدترین راتیں پیش آئی ہیں۔ پہلی رات میں بیروت کے شہر میں 40 سے زیادہ لوگوں کی جانیں گئیں اور دوسری میں 100 لوگوں سے زائد لوگ ہلاک ہوئے۔ لیکن مجھ پر یہ بھی ظاہر ہو چکا ہے کہ بیروت میں میرے لوگوں کی جانیں پیرس کے لوگوں کی جانوں جتنی قیمتی نہیں ہیں۔‘

انھوں نے فیس بُک کی جانب سے ’سیفٹی بٹن‘ نہ دینے اور دنیا کی سب سے اہم شخصیات اور سیاست دانوں کی جانب سے کوئی بیان جاری نہ ہونے کا بھی شکوہ کیا۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے سوشل میڈیا پر ملنے والی تنقید کے رد عمل میں کہا کہ: ’کئی لوگوں نے بالکل صحیح طور پر پوچھا ہے کہ ہم نے پیرس کے لیے اپنا حفاظتی فیچر کیوں لاگو کیا اور بیروت اور دیگر مقامات کے لیے نہیں۔ کل سے پہلے اس فیچر کے سلسلے میں ہماری پالیسی صرف قدرتی آفتوں تک لاگو ہوتی تھی۔ ہم نے اسے ابھی بدلا ہے اور آئندہ پیش ہونے والی انسانی آفتوں کے لیے بھی اسے استعمال کریں گے۔‘

مارک زکربرگ نے امتیاز برتنے کے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ ہم ’سب لوگوں کا خیال برابری سے کرتے ہیں اور لوگوں کی اس طرح کے نامساعد حالات میں مدد کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔‘