برطانیہ کا دولتِ اسلامیہ کے خلاف ڈرونز کی تعداد میں اضافے کا اعلان

برطانیہ اپنے 10 ریپر ڈرونز کی جگہ اس کا دگنا نیا اور جدید ترین ڈرون لانے کا ارادہ رکھتا ہے

،تصویر کا ذریعہPA

،تصویر کا کیپشنبرطانیہ اپنے 10 ریپر ڈرونز کی جگہ اس کا دگنا نیا اور جدید ترین ڈرون لانے کا ارادہ رکھتا ہے

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے شام اور عراق میں دولت اسلامیہ سے مقابلہ کرنے کے لیے برطانیہ کی فوجی قوت میں اضافے کا عہد کیا ہے جس میں رائل ایئر فورس (آر اے ایف) کے ڈرون بیڑے کو دگنا کرنا بھی شامل ہے۔

وزیر اعظم نے اخبار سنڈے ٹیلی یگراف کو بتایا کہ برطانیہ سپیشل فورسز کے وسائل اور اسلحوں پر کروڑوں پاؤنڈ خرچ کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ برطانیہ کو دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے یہ لازمی کرنا ہو گا۔

انھوں نے یہ بات مانچسٹر میں اپنی پارٹی کی آپریشن کونسل کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ ان کی حکومت عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنانے کے لیے 20 ڈرون خريدےگي۔

برطانوی وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ گذشتہ ماہ ’آر اے ایف کے ایک آپریشن میں دو برطانوی کا شام میں مارا جانا دفاعی عمل تھا۔‘

خیال رہے کہ لیبر پارٹی کے نئے رہنما جیرمی کوربن نے دولتِ اسلامیہ کے خلاف عراق کے ساتھ شام میں بھی برطانوی آپریشن کی توسیع کی مخالفت کی تھی۔

تاہم سنڈے ٹیلی گراف سے بات کرتے ہوئے کیمرون نے کہا کہ شام میں کارروائی کے لیے کامنز کو رضامند کرنے کے امکانات ہیں۔

کیمرون نے اخبار سنڈے ٹیلیگراف کو بتایا کہ برطانیہ سپیشل فورسز کے وسائل اور اسلحوں پر کروڑوں پاؤنڈ خرچ کرے گا
،تصویر کا کیپشنکیمرون نے اخبار سنڈے ٹیلیگراف کو بتایا کہ برطانیہ سپیشل فورسز کے وسائل اور اسلحوں پر کروڑوں پاؤنڈ خرچ کرے گا

ایسی خبریں گشت کر رہی ہیں کہ لیبر پارٹی کے بعض اراکینِ پارلیمان شام میں برطانوی کارروائی کی حمایت کر سکتے ہیں۔

بی بی سی کے سیاسی نامہ نگار بین رائٹ کا کہنا ہے کہ کنزرویٹیو اپنی کانفرنس میں دفاع اور معیشت کے معاملے پر خود کو لیبر سے مختلف پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

کیمرون نے سنڈے ٹیلیگراف کو بتایا: ’ہمیں جن بڑے خطروں کا جواب دینا ہے ان میں دہشت گردی کا خطرہ اہم ہے اور اس کا مطلب واضح طور پر ملکی سلامتی اور ہماری انٹیلیجنس سروسز ہیں لیکن اس کا مطلب اس بات کی بھی یقین دہانی ہے کہ ہمارے پاس ضروری فوجی سازو سامان اور وسائل ہیں اس طرح ہم اپنی سپیشل فورسز میں اضافہ دیکھتے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ برطانیہ اپنے 10 ریپر ڈرونز کی جگہ اس کا دگنا نیا اور جدید ترین ڈرون لائے گا اور یہ 20 نئے پروٹکٹر ڈرون زیادہ دور تک پرواز کی صلاحیت کے ساتھ زیادہ ایڈوانس اسلحے لے جانے کے اہل ہوں گے۔