ترک قلعہ یا سپنج باب کی یادگار؟

،تصویر کا ذریعہ
ترکی میں ایک قدیم قلعے کی مرمت کے بعد اس کے حلیے نے کئی لوگوں کو حیران کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے کہا ہے کہ مرمت کے بعد یہ قلعہ کارٹون کردار سپنج باب سکوئر پینٹس سے مشابہت رکھتا ہے۔
ترک اخبار حریت کے مطابق بحیرۂ اسود کے ساحلی قصبے سیلے میں واقع اوجاکلی ادا نامی اس قلعے کی مرمت کا کام بہت عرصے سے جاری تھا اور یہ اب جا کر اپنے اختتام کو پہنچا ہے۔
نئے پتھر، فصیلوں اور دروازوں کے بعد اب یہ بالکل نیا لگ رہا ہے۔ تاہم سوشل میڈیا صارفین اسے سپنج باب سکوئر پینٹس کی شکل سے ملا رہے ہیں۔
یہ قلعہ ایک جزیرے پر واقع ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ بازنطینی دور کا ہے۔ ترک پارلیمان نے اس کی مرمت کے طریقہ کار پر سوال اٹھانے شروع کر دیے ہیں۔
ٹوئٹر پر صارفین نے قلعے کی نئی شکل کو طنز و مزاح کا نشانہ بنایا۔ ایک صاحب نے لکھا: ’انھوں نے سیلے کا قلعہ بحال کر کے اسے سپنج باب کی یادگار میں تبدیل کر دیا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
ایک اور صارف لکھتے ہیں: ’میں اس خوبصورتی پر ان کو داد دیتا ہوں۔ قلعے کو بھی اپنی نئی شکل پر یقین نہیں آ رہا ہو گا۔‘
زینپ گرکان لکھتی ہیں کہ انھیں قلعے کو دیکھ کر بہت ہنسی آئی لیکن اصل میں یہ رونے کا مقام ہے۔
مقامی بلدیہ نے ایک طویل بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے اپنے کام کا دفاع کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
منصوبے کے مشیر پروفیسر کمال کٹگن نے اس بیان میں کہا کہ ’سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید کرنے والے بہت سی معلومات سے ناواقف ہیں اور انھیں مرمت کے طریقۂ کار کا اندازہ نہیں۔ اگر یہاں کسی بات پر تنقید ہونی چاہیے تو اس بات پر کہ اس قلعے کی 19ویں صدی کے بعد سے مرمت کیوں نہیں ہوئی۔‘








