مارک زوكربرگ کی اہلیہ امید سے ہیں

زوکربرگ نے فیس بک پر اپنی اہلیہ پریسیلا کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے یہ اعلان کیا

،تصویر کا ذریعہMark Zuckerberg

،تصویر کا کیپشنزوکربرگ نے فیس بک پر اپنی اہلیہ پریسیلا کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے یہ اعلان کیا

فیس بک کے بانی مارک زوكربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا چین ایک بیٹی کے والدین بننے والے ہیں۔

انھوں نے یہ اعلان اپنے سوا تین کروڑ سے زیادہ فالوورز کے لیے اپنے فیس بک صفحے پر کیا۔

انھوں نے لکھا: ’پریسیلا اور میرے پاس بہت دلچسپ خبر ہے۔ ہم ایک بیٹی کے والدین بننے والے ہیں۔‘

31 سالہ زوكربرگ نے لکھا کہ اس سے پہلے ان کی بیوی کا تین بار اسقاط حمل ہو چکا ہے لیکن اس بار خطرہ کم ہے۔

انھوں نے لکھا کہ وہ اپنے تجربے سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس قسم کی صورت حال سے گزرنے والے افراد کی مدد کر سکیں۔

زوكربرگ نے لکھا: ’ہم یہ امید کرتے ہیں کہ ہمارا تجربہ دوسرے لوگوں کی آس بندھائے گا اور ہم یہ محسوس کرتے ہیں کہ اس کے بعد زیادہ لوگ اپنی کی کہانی بیان کرنے میں عار محسوس نہیں کریں گے۔‘

انھوں نے لکھا: ’زیادہ تر لوگ اسقاط حمل جیسی چیزوں پر بات کرنا نہیں چاہتے کیونکہ انھیں یہ لگتا ہے کہ ان باتوں سے لوگ ان سے کنارہ کش ہونے لگیں گے یا پھر وہ ان پر اثر انداز ہوں گے جیسے کہ ان میں ہی کوئی کمی ہے یا پھر یہ ان کا اپنا کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے اسقاط حمل ہوا۔ اس طرح آپ اپنے میں ہی جدوجہد کرتے رہتے ہیں۔‘

انھوں نے فیس بک میں ’لائک‘ جیسی مقبول سہولت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا: ’الٹراساؤنڈ میں اس نے اپنے ہاتھ کا انگوٹھا دکھا کر لائک کیا تو میں قائل ہو گیا کہ میرے بعد وہی اس کی ذمہ داری سنبھالےگي۔‘

بہر حال زوکر برگ نے اپنی پوسٹ میں بچے کی پیدائش کی تاریخ کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔