افریقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے: صدر اوباما

،تصویر کا ذریعہAP
امریکی صدر براک اوباما نے کینیا پہنچنے کے بعد دارالحکومت نیروبی میں ایک خطاب کے دوران افریقہ میں معاشی اور تجارتی مواقعوں کی تعریف کی ہے۔
ایک تجارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’افریقہ ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ لوگ میں غربت و افلاس کم ہو رہی ہے۔ آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور متوسط طبقہ بڑھ رہا ہے۔‘
کینیا کے صدر کے ساتھ سکیورٹی کے معاملات پر بات چیت کرنے سے قبل صدر اوباما سنہ 1998 میں امریکی سفارت خانے پر ہونے والے حملے کی یادگار کا دورہ کریں گے۔ القاعدہ کے اس حملے میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں 12 امریکی اور سفارت خانے کے 34 مقامی اہلکار شامل تھے۔
خیال رہے کہ صدر اوباما کا اپنے والد کے آبائی وطن کا یہ دورہ جمعے کو شروع ہوا۔
کینیا کی میڈیا میں ان کے دورے کو ’گھر آمد‘ کے طور پر بیان کیا گیا ہے اور لوگوں نے ہوآئی آڈے سے چلنے والے صدر اوباما کے قافلے کا خیر مقدم کیا۔
سنیچر کی صبح امریکی صدر نے گلوبل انٹرپیرینیئرشپ اجلاس کی صدارت کی۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’افریقہ کو مستقبل کے عالمی ترقی کا مرکز ہونے کی ضرورت ہے۔‘ اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حکومتوں کو اس بات کی یقین دہانی کرانی ہوگی کہ وہاں بدعنوانی نہ بڑھے۔
انھوں نے کہا کہ اُن کے پہلے کے دورے کے بعد سے کینیا میں زبردست ترقی ہوئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا: ’جب 10 سال قبل میں یہاں نیروبی آیا تھا یہ اب پہلے سے بہت مختلف ہے۔‘
دو روزہ دورے کے دوران صدر اوباما کینیا کے صدر اہورو كینياٹا اور دیگر اعلی حکام سے باہمی امور پر بات چیت کریں گے۔
بی بی سی کے مشرقی افریقہ کے نامہ نگار کیرن ایلن کا کہنا ہے کہ بات چیت کے دوران سکیورٹی اور کینیا کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر زیادہ زور ہوگا۔
خیال رہے کہ کینیا صومالیہ کے اسلام پسند گروپ الشباب کی زد پر رہا ہے اور اس نے سنہ 2013 میں نیروبی ویسٹ گیٹ شاپنگ کمپلکس پر حملہ کرکے کم از کم 67 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

اس شدت پسند گروہ نے رواں سال کے اوائل میں شمالی کینیا میں گیریسا کی یونیورسٹی پر حملہ کیا تھا جس میں 148 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
تجارت اور سکیورٹی کے علاوہ صدر اوباما افریقی رہنماؤں کو ہم جنس پرستوں کے حقوق اور ان کے خلاف امتیازی سلوک پر ’سخت پیغام‘ دینے والے ہیں۔
صدر اوباما کے دورے کے پیش نظر کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور 10 ہزار پولیس اہلکار کو تعینات کیا گیا ہے۔
نیروبی پہنچنے پر ان کی سوتیلی بہن اوما نے انھیں گلے لگایا اور عشائیے پر ان کے دوسرے رشتے بھی شریک تھیں۔ جن میں ماما سارا بھی تھیں جنھوں نے ان کے والد کی پرورش کی تھی۔
صدر اوباما اتوار کو ایتھوپیا جائیں گے جہاں وہ افریقی یونین سے خطاب کریں گے۔
افریقی یونین سے خطاب کرنے والے براک اوباما امریکہ کے پہلے صدر ہوں گے۔







