مشہوراسرائیلی راہب کو رشوت دینے پر سزا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اسرائیل کے مشہور راہب یوشی یاہو پینٹو کو نیشنل فراڈ سکواڈ کے سربراہ کو رشوت دینے کی کوشش کے الزام میں ایک سال جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔
ان پر 2لاکھ 60 ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔
راہب پینٹو نے اپنے ایک خیراتی ادارے کے بارے میں کی جانے والی پولیس کی تحقیقات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے عوض فراڈ سکواڈ کے سربراہ کو رشوت کی پیشکش کی تھی۔
ان کا شمار اسرائیل کے امیر ترین راہبوں میں ہوتا ہے اور ان کے پیروکاروں میں امریکی مشہور شخصیات اور کاروباری لوگوں کی بڑی تعداد شامل ہےـ
واضع رہے کہ یوشی یاہو پینٹو مراکش کے مشہور راہب ’اسرئیل ابوچاٹزا‘ جو بابا سالی کے نام سے بھی جانے جاتے تھے کے پڑ پوتے ہیں۔
تل ابیب کی ایک عدالت میں راہب پینٹو نے اپنے جرم کا عتراف کیا ہے اور ایک اعلیٰ پولیس افسر جن کو وہ ماضی میں رشوت دے چکے ہیں کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کے لیے بھی تیار ہوگئے ہیں۔



