برطانیہ میں شرعی عدالتیں اور کونسلز باعثِ تشویش ہیں: رپورٹ

،تصویر کا ذریعہReuters
برطانوی اخبار دا سنڈے ٹیلی گراف کے مطابق بچوں کو انتہا پسندی کی جانب مائل ہونے سے بچانے کے لیے حکومت کی حکمتِ عملی میں یہ بھی شامل ہوسکتا ہے کہ بنیاد پسند مسلمانوں پر ایسے شعبوں میں کام کرنے کی پابندی لگا دی جائے جہاں ان کے ماتحتوں میں بچے شامل ہیں۔
اخبار نے وزارتِ داخلہ کی دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس رپورٹ میں شرعی عدالتوں اور کونسلوں کو بھی باعث تشویش کہا گیا ہے۔
بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ انتہاپسندی سے نمٹنے کے لیے وزارتِ داخلہ کے اس مراسلے پر ابھی اتحادیوں کے دستخط ہونا باقی ہیں۔
تاہم دوسری جانب وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ حکومت اس رپورٹ پر کوئئ تبصرہ نہیں کرے گی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریت کے اصولوں کو مزید سخت کیا جائے تاکہ شہریت حاصل کرنے والے افراد برطانوی اقدار کو اپنائیں۔

،تصویر کا ذریعہAP
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’ماضی میں حکومت مبہم اور خطرناک پیغام دیتی رہی ہے کہ اگر کوئی جمہوریت میں یقین رکھتا تو اس سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
نئی حکمت عملی کے تحت شرعی عدالتوں کا آزادانہ ریویو کرایا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق جن علاقوں میں شرعی عدالتیں کام کر رہی ہیں وہاں پر خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بی بی سی کے سیاسی نامہ نگار بن رائٹ کا کہنا ہے کہ ابھی اس دستاویز پر حکومت کی اتحادی جماعتوں کے دستخط ہونا باقی ہیں اگرچہ انتخابات سے قبل حکومت کے پاس قلیل وقت رہ گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ برطانوی حکومت کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات کی یہ دستاویز برطانیہ سے تین طالبات کی مبینہ طور پر شام کی شدت پسند تنظئمدولتِ اسلامیہ میں شمولیت کے بعد سامنے آئی ہے۔
اس کے علاوہ دولتِ اسلامیہ کے ’جان جہادی‘ کے نام سے معروف جنگجو کی شناخت بھی حال ہی میں ہوئی جنھوں نے مغربی لندن سے تعلیم حاصل کی۔
ادھر برطانوی پولیس کی ایسوسی ایشن اے سی پی او کے صدر نے اپنی ریٹائرمنٹ کے موقع پر دیے گئے بیان میں خبردار کیا ہے کہ برطانوی پولیس کی تعداد میں مزید کمی دہشت گردی سمیت دیگر خطرات سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس کو دیے جانے والے وسائل میں کمی کا باعث بنےگی۔
سر ہوگ اوڈے نے آبزرور اخبار کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ اگر مقامی پولیس کے نوجوان کسی آبادی میں موجود نہیں ہوں گے اور ان کا وہاں کے لوگوں کے ساتھ رابطہ نہیں ہوگا تو پولیس انٹیلیجنس معلومات بھی حاصل نہیں کر سکے گی۔







