لندن: ’پلیز شام میں داخل نہ ہونا، گھر لوٹ آؤ‘

،تصویر کا ذریعہPA
برطانوی دارالحکومت لندن کے مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والی15 سالہ شمیمہ بیگم کے خاندان والوں نے ان سے اپیل کی ہے کہ وہ شام نہ جائیں اور گھر واپس لوٹ آؤ۔
شمیمہ بیگم ان تین لڑکیوں میں سے ایک ہیں جن کے بارے میں برطانوی پولیس کا خیال ہے کہ وہ شام میں دولتِ اسلامیہ کا حصہ بننے کے لیے ترکی کے راستے وہاں پہنچی ہیں۔
برطانوی پولیس کے مطابق 15 سالہ شمیمہ بیگم، 16 سالہ قدیضہ سلطانہ اور ان کی ایک 15 سالہ ساتھی منگل کو لندن سے ترکی روانہ ہوئی تھیں۔
شمیمہ بیگم کے خاندان نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے ’شام خطرناک جگہ ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ تم وہاں جاؤ۔‘
بیان میں کہا گیا ہے ’تم کو کچھ نہیں کہا جائے گا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تمہارا خیال ہے کہ شام میں لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور ان کی مدد کرنا چاہتی ہو۔
’لیکن اپنے آپ کو خطرے میں ڈالے بغیر یہ مدد تم گھر سے بھی کر سکتی ہو۔ پلیز سرحد عبور نہ کرنا۔ پلیز گھر لوٹ آؤ۔‘
پولیس نے ان کی تلاش کے لیے ایک ہنگامی اپیل جاری کی ہے اور کہا ہے کہ ’وہ انتہائی خطرے کا شکار ہو سکتی ہیں۔‘
یہ تینوں لڑکیاں ایک ایسی لڑکی کی دوست ہیں جو دسمبر 2014 میں شام گئی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کے کمانڈر رچرڈ والٹن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تینوں برطانوی لڑکیاں شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ میں شمولیت کی نیت سے ترکی گئی ہیں۔
ان طالبات کے سکول بیتھنل گرین اکیڈمی کے ایک ’پیرنٹ گورنر‘ عبدالصمد نے اس خیال کو مسترد کیا ہے کہ وہ شام جانے کے لیے ترکی گئی ہیں۔
برطانوی پولیس نے تینوں لڑکیوں کے خاکے بھی جاری کیے ہیں۔
قدیضہ سلطانہ

قد پانچ فٹ چھ انچ اور پتلی دبلی سی۔ کالے فریم کا چشمہ، لبمی کالی جیکٹ جس کے ساتھ ٹوپی بھی ہے۔ سکارف پہنا ہوا ہے، سرمئی سویٹر، گہرے لال رنگ کی پتلون۔ وہ انگریزی لندن لہجے میں بولتی ہیں۔ اس کے علاوہ بنگالی زبان بھی بولتی ہیں۔
شمیمہ بیگم

،تصویر کا ذریعہbbc
ان کا قد پانچ فٹ سات انچ ہے۔ انھوں نے کالے فریم کا چشمہ اور کالا حجاب پہن رکھا ہے۔ ہلکے بھورے اور کالے رنگ کا سکارف، لال سویٹر، کالی پتلون اور جیکٹ پہن رکھی ہے۔ وہ انگریزی لندن لہجے میں بولتی ہیں۔ اس کے علاوہ بنگالی زبان بھی بولتی ہیں۔
نامعلوم دوست
یہ 15 سالہ نامعلوم دوست پتلی دبلی سی ہے۔ اس نے بھی کالے فریم کے چشمے پہن رکھے ہیں۔ اس نے کالا سکارف، سبز رنگ کی لمبی جیکٹ، ہلکے پیلے رنگ کی شرٹ، کالی پتلون اور سفید جوگرز پہن رکھے ہیں۔ وہ انگریزی اور امھاری (صومالیہ کی) زبان بولتی ہے۔







