’دولتِ اسلامیہ کے ہاتھوں 21 مصری قبطی عیسائیوں کی ہلاکت‘

،تصویر کا ذریعہReuters
شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لیبیا سے اغوا کیے جانے والے 21 مصری قبطی عیسائیوں کے ’سر قلم کر دیے گئے ہیں‘۔
اس ویڈیو کی فوٹیج دکھاتی ہے کہ ایک گروپ جو نارنجی رنگ کے لباس میں ہے کو زمین پر گھنٹے ٹیکے دکھایا گیا ہے جس کہ بعد اُن کے سر قلم کر دیے گئے ہیں۔
یہ ویڈیو لیبیا کے جہادیوں نے پوسٹ کی ہے جن کا دعویٰ ہے کہ وہ دولتِ اسلامیہ سے منسلک ہیں۔
مصر سے ان قبطی عیسائیوں کی شناخت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ہے مگر حکومت نے سات روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
یاد رہے کہ دولتِ اسلامیہ کے شدت پسندوں نے لیبیا میں کئی حملے کیے ہیں جہاں کوئی بھی موثر حکومت نہیں ہے مگر لیبیا میں کئی مسلح گروہوں کی موجودگی میں یہ بات واضح نہیں ہے کہ دولتِ اسلامیہ کتنی طاقتور ہے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
مصر کے صدر نے اس ہفتے کے شروع میں لیبیا میں پھنسے اپنے شہریوں کو ہوائی جہازوں کے ذریعے نکالنے کی پیشکش کی تھی۔
اغوا کیے جانے والے تمام کارکن قبطی عیسائی تھے جنہیں لیبیا کے مشرقی ساحلی شہر سرت سے اغوا کیا گیا تھا جو دولتِ اسلامیہ کے قبضے میں ہے۔
ان افراد کی رہائی کے لیے مصر میں مظاہرے کیے گئے اور حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ اس سلسلے میں زیادہ کام کرے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جمعے کو دولتِ اسلامیہ نے مصریوں کی تصاویر جاری کی تھیں جس میں لکھا گیا تھا کہ انہیں اغوا کرنے کا مقصد مصری قبطی عیسائیوں کی جانب سے مسلمان خواتین پر تشدد اور انہیں ہلاک کرنے کا بدلہ لینا ہے۔
مصر کی حکومت نے اپنے لوگوں کو لیبیا کا سفر کرنے سے منع کیا ہے مگر پھر بھی لوگ وہاں روزگار کی تلاش میں جاتے ہیں۔







