’چاڈ میں بوکوحرام کے حملے میں دس افراد ہلاک‘

نائیجیریا کے جنگجوؤں نے گذشتہ ہفتوں سے پڑوسی ممالک میں بھی اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشننائیجیریا کے جنگجوؤں نے گذشتہ ہفتوں سے پڑوسی ممالک میں بھی اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں

چاڈ میں حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر نائیجیریا کے شدت پسند گروہ بوکوحرام کے جنگجوؤں نے چاڈ کی سرزمین پر اپنا پہلا حملہ کیا ہے۔

یہ حملہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کو کیا گیا۔

چاڈ کے سکیورٹی حکام کے مطابق جنگجو موٹر والی کشتیوں پر سوار تھے اور انھوں نے نائیجیریا اور چاڈ کی سرحد پر واقع ’جھیل چاڈ‘ کو عبور کرنے کے بعد جھیل کے کنارے واقع ایک دیہات پر حملہ کیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چاڈ کے فوجیوں کی جوابی کارروائی پر حملہ آور دیہات سے فرار ہو گئے، لیکن اس سے پہلے وہ کئی افراد کو ہلاک کر چکے تھے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں چاڈ نے نائیجیریا، نائیجر اور کیمیرون کے ساتھ فوجی اتحاد میں شامل ہو کر بوکوحرام کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کیا تھا۔

مقامی لوگوں کا مزید کہنا تھا کہ نگوبؤا نامی گاؤں پر حملہ کرنے والے لوگوں کی تعداد 30 کے لگ بھگ تھی اور انھوں نے گاؤں کے تقریباً دو تہائی گھروں کو آگ لگا دی۔

ایک مقامی شخص نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ حملہ آور تین چھوٹی کشتیوں میں آئے تھے اور فوج کی جوابی کارروائی سے پہلے ہی وہ دس افراد کو موت کے گھاٹ اتار چکے تھے۔

اگرچہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں ابھی تک کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہے تاہم چاڈ کے سرکاری حکام نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے ایک مقامی سردار کو بھی مار دیا ہے۔

حکام نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ چاڈ کے فوج نے عسکریت پسندوں کی کشتیوں پر فضائی حملے کیے جس میں یہ کشتیاں تباہ کر دی گئیں۔

بوکوحرام کے خلاف کارروائی میں چاڈ کی فوج نے جھیل چاڈ پر نگرانی میں اضافہ کیا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنبوکوحرام کے خلاف کارروائی میں چاڈ کی فوج نے جھیل چاڈ پر نگرانی میں اضافہ کیا ہے

جنوری میں سرحد کی دوسری جانب نائیجیریا کے قصبے بگاہ پر حملے کے بعد سے تقریباً سات ہزار افراد نے وہاں سے فرار ہو کر نگوبؤا کے گاؤں میں پناہ لے لی تھی۔

ماہرین کہتے ہیں کہ بوکو حرام کے جنگجوؤں نے نائیجیریا میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

بوکوحرام نے نائیجیریا میں اسلامی ریاست قائم کرنے کی غرض سے 2009 سے مسلح بغاوت شروع کر رکھی ہے۔ اس دوران ہزاروں لوگ مارے جا چکے ہیں۔