’کیمرون کے دیہاتوں پر بوکو حرام کا حملہ، 60 افراد اغوا‘

بوکو حرام نے نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے قبضہ کر رکھا ہے اور اس سے ہمسایہ ممالک کو بھی خطرہ ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنبوکو حرام نے نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے قبضہ کر رکھا ہے اور اس سے ہمسایہ ممالک کو بھی خطرہ ہے

افریقی ملک کیمرون کے حکام کا کہنا ہے کہ اسلامی شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے مبینہ شدت پسندوں نے کم از کم 60 افراد کو اغوا کر لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نائیجریا سے آئے شدت پسندوں نے دیہاتوں سے جن 60 افراد کو اغوا کیا ہے ان میں اکثریت بچوں کی ہے۔

کیمرون کے سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس مبینہ بوکو حرام کی کارروائی میں کئی افراد بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

بوکو حرام نے نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے قبضہ کر رکھا ہے اور اس سے ہمسایہ ممالک کو بھی خطرہ ہے۔

بوکو حرام گذشتہ چھ سالوں سے حکومت کے خلاف مسلح جدوجہد کر رہا ہے اور ان کا مقصد نائیجیریا میں اسلامی ریاست کا قیام ہے۔

کیمرون کے ایک پولیس افسر نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ’اتوار کو کیے گئے حملے میں شدت پسندوں نے تورو علاقے میں دو دیہاتوں پر دھاوا بولا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’شدت پسندوں نے مکانوں کو آگ لگائی اور 60 افراد کو اغوا بنا کر لے گئے۔ یرغمالیوں میں زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔‘

تاہم دیگر حکام نے برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ کم از کم 80 افراد کو اغوا کیا گیا ہے۔

شمالی کیمرون میں تعینات ایک فوجی افسر نے روئٹرز کو بتایا کہ ’جن افراد کو اعوا کیا گیا ہے ان میں 30 بالغ اور 50 بچے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ کیمرون نے اکثر نائیجیریا پر بوکو حرام کے خلاف سخت کارروائی نہ کرنے پر تنقید کی ہے۔